بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملہ قابلِ مذمت اور شرمناک فعل ہے، چیئرمین سینیٹ

بھارتی اقدام عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے،پوری قوم مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، یوسف رضا گیلانی

بدھ 7 مئی 2025 18:27

بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملہ قابلِ مذمت اور شرمناک فعل ہے، چیئرمین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء) چیئر مین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملہ قابلِ مذمت اور شرمناک فعل ہے۔ اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ بھارتی جارحیت خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی اقدام عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان پرامن ملک ہے مگر خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ پوری قوم مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہماری بہادر افواج نے ہمیشہ ملکی سرحدوں کی حفاظت میں تاریخ ساز قربانیاں دی ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اس بار بھی دشمن کو جرات اور حوصلے سے جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان بھارت کی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دینے کا حق رکھتا ہے تاکہ دشمن کو آئندہ ایسی مذموم حرکت کی جرات نہ ہو۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے، عالمی برادری خطے میں امن و امان کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان ہر جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، قوم کا ہر فرد اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بنا کھڑا ہے۔