Live Updates

مہران یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر و دیگر کی جانب سے بھارتی حملے کی مذمت

بدھ 7 مئی 2025 19:38

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار، رجسٹرار لچھمن داس سوتھڑ، فیکلٹیز کے ڈینز، تدریسی اور انتظامی شعبہ جات کے سربراہان کی جانب سے بھارت کی طرف سے پاکستان پر رات کی تاریکی میں کیے گئے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر آدھی رات کو حملہ کر کے معصوم شہریوں کو شہید اور زخمی کیا ہے۔ عالمی برادری جنگی جنون میں مبتلا مودی حکومت کی مجرمانہ حرکات کا نوٹس لے کیونکہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ خطے اور دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر مہران یونیورسٹی نے کہا کہ بھارت نے جارحیت کی ہے، پاکستان اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے اور پاکستانی قوم اپنے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

دوسری جانب مہران یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن، مہران یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور مہران یونیورسٹی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی بھارتی حملوں کی مذمت کی گئی ہے۔ اساتذہ، افسران اور ملازمین کی جانب سے جمعرات 8 مئی کو مہران یونیورسٹی میں بھارتی جنگی جنون کے خلاف پُرامن ریلی نکالی جائے گی۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات