ہماری افواج فولاد سے بنی دیوار ہیں جو دشمن کے ہر وار کو خاک میں ملا دیں گی،خورشید احمد قریشی

جمعرات 8 مئی 2025 15:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)مسلم لیگ ن گوجرہ کے ہردلعزیز عوامی راہنما خورشید احمد قریشی نے کہا کہ ہماری افواج فولاد سے بنی دیوار ہیں جو دشمن کے ہر وار کو خاک میں ملا دیں گی، ان کی شجاعت، قربانی اور مادرِ وطن کی خودمختاری کیلئے غیرمتزلزل عزم ہر دل کو فخر سے بھر دیتا ہے، پوری قوم اپنی ان بہادر افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔

آج معمار پاکستان میاں نواز شریف کی دوراندیشانہ پالیسیوں کی بدولت مکار دشمن بھارت دنیا بھر میں منہ چھپاتا پھر رہا ہے،انہوں نے کہا پراکسی وار کے نتائج کشمیری قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے بھگت رہے ہیں مگر ہمارا پاکستان سے رشتہ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔خورشید احمد قریشی نے کہا کہ پہلگام واقعہ پر تحقیقات کے بجائے آزاد کشمیر اور پاکستان کے نہتے شہریوں اور مساجد پر حملہ بھارت کی بزدلی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا،انہوں نے کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملوں کی ہماری افواج نے بے مثال طاقت اور بہادری کے ساتھ جواب دے کر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی بری، بحری، فضائی افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا اور بھارت کا گھمنڈ غرور توسیع پسندانہ عزائم دنیا کے سامنے منطقی انجام کو پہنچ گئے ہیں۔

بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں مساجد و سول آبادی پر حملہ کیا جس کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اپنے تمام اداروں خاص کر مئیر بلدیہ سید سکندر نثار گیلانی اور ان کی ٹیم اسی طرح ضلعی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد،ریسکیو 1122 اور پاک فوج کو بروقت جواب دینے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور پوری کشمیری قوم دشمن کے مقابلے میں ایک سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔