الیکشن کمیشن کے چوتھے اسٹریٹجک پلان کی تیاری کے حوالے سے دو روزہ مشاورتی اجلاس

چوتھے پلان کی تیاری بھی ادارے کی ترقی اور شفاف انتخابی عمل کے لیے نہایت اہم ہے،صوبائی الیکشن کمشنر

جمعرات 8 مئی 2025 19:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چوتھے اسٹریٹجک پلان کی تیاری کے حوالے سے دو روزہ مشاورتی اجلاس دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کراچی میں انعقاد کیا گیا اس موقع پر جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر ) ایڈمن ( نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ریجنل اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز سمیت متعدد افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کا افتتاح صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کیا، اپنے افتتاحی خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اب تک تین اسٹریٹجک پلان کامیابی سے مکمل کر چکا ہے اور چوتھے پلان کی تیاری بھی ادارے کی ترقی اور شفاف انتخابی عمل کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشاورتی اجلاس کا مقصد الیکشن کمیشن کے مستقبل کے لائحہ عمل کو بہتر بنانے کے لیے افسران کی آرا اور سفارشات حاصل کرنا ہے، تاکہ ایک جامع اور مثر اسٹریٹجک پلان تیار کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران شرکا نے اسٹریٹجک پلان کی تیاری میں درپیش چیلنجز، ترجیحات اور بہتری کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی۔ شرکا نے انتخابی عمل میں شفافیت، شمولیت اور استعداد کار میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔اجلاس میں اسلام آباد سے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن اینڈ ٹیکنالاجی محمد خضر عزیز نے بعذریہ ویڈیو لنک شرکت کی اور افسران کو پلاننگ کے مختلف پہلوں پر بریفنگ دی۔