مرکزی مسلم لیگ کا ایوب گوٹھ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 8 مئی 2025 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت سہراب ٹان میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت کے الیکٹرک اور مئیر کراچی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بجلی کی عدم فراہمی کو ظلم قرار دیا ۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سہراب ٹان کے صدر حافظ عبدالقیوم نے کہا کہ جب عوام باقاعدگی سے بل ادا کر رہے ہیں تو بجلی فراہم نہ کرنا ناقابل قبول ہے۔ گرمی کی شدت میں ہمارے بچے پنکھے کے بغیر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ حکمرانوں کے جانور بھی اے سی میں پل رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کا فوری خاتمہ نہ کیا گیا تو اگلا احتجاج سپر ہائی وے پر ہوگا اور سڑک کو مکمل جام کر کے عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے مطالبہ کیا کہ فی الفور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم نہ رکھا جائے۔