Live Updates

بھارت ڈرون حملوں میں صرف 1 ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکا

ڈرون حملوں میں کچھ آلات کو نقصان پہنچا، 3 افراد کی شہادتیں ہوئیں، ترجمان پاک فوج کی پریس کانفرنس

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 مئی 2025 20:46

بھارت ڈرون حملوں میں صرف 1 ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکا
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی 2025ء ) ترجمان پاک فوج کی بھارت پر حملہ کرنے کی تردید، کہا بھارت ڈرون حملوں صرف 1 ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکا، ڈرون حملوں میں کچھ آلات کو نقصان پہنچا، 3 افراد کی شہادتیں ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شام کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ امرتسر میں بھارتی فوج نے خود اپنی تنصیبات کو نشانہ بنایا، آدم پور سے پروجیکٹائل خود انہوں نے فائر کیے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت کا 15 مقامات پر حملے کا الزام مضحکہ خیز ہے، بھارت کہتا ہے پاکستان نے اس پر میزائل داغے، جہاں یہ میزائل گرے وہاں خشک گھاس پڑی ہے، کم از کم اس میں آگ ہی لگا دیتے، انہوں نے کہا کہ آخر کب بھارت اپنے سینما کی فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں آئےگا؟ پاکستان بھارت سے آنے والی ہر شے کو مانیٹر کر رہا ہے، گرائے جانے والے بھارتی ڈرونز کا فرانزک معائنہ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج بھارت کے ٹوٹل 29 ڈرونز گرائے گئے، جن میں سے صرف ایک اپنے ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکا، جس میں کچھ آلات کو نقصان پہنچا، ڈرون حملوں میں 3 افراد کی شہادتیں ہوئیں، 4 فوجی جوان زخمی ہوئے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت ڈراموں کے ذریعے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، 2019 میں انہوں نے چائے یہاں آکر پی تھی اس بار ہم نے چائے وہاں بھجوائی، پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں ہے۔                                 
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات