Live Updates

سکھر اور رحیم یار خان میں بھی بھارتی ڈرون مار گرائے گئے

بھارتی ڈرون سکھر اور رحیم یار خان کے اوپر پرواز کررہے تھے جب انہیں مار گرایا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 مئی 2025 18:49

سکھر اور رحیم یار خان میں بھی بھارتی ڈرون مار گرائے گئے
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی 2025ء ) سکھر اور رحیم یار خان میں بھی بھارتی ڈرون مار گرائے گئے، بھارتی ڈرون سکھر اور رحیم یار خان کے اوپر پرواز کررہے تھے جب انہیں مار گرایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق افواجِ پاکستان نے اب تک 25 بھارتی ڈرونز مار گرا ئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق افواج پاکستان کی سافٹ کِل (تکنیکی) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) سے اب تک 25 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے، بھارت کے 6/7 مئی کے بزدلانہ حملے میں 5 جدید طیاروں، ڈرونز، متعدد پوسٹوں کے تباہ اور فوجی ہلاکتوں ہونے کے بعد بھارت بوکھلاہٹ میں یہ اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے، لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت نے بھرپور نقصان اٹھایا اور اٹھا رہا ہے، پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے، افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور اس کے تمام عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے بھارت کی طرف سے ڈرونز بھیجے جانے کا سلسلہ ہے، رات کو بھی جارحیت ہوئی جس کا آپ کی افواج نے منہ توڑ جواب دیا، گزشتہ رات بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں حملے کیے گئے جنہیں پاک فوج نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے ناکام بنایا۔

پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ بھارت نے گزشتہ رات ایک بار پھر کھلی جارحیت کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے، بھارت کی جانب سے لاہور، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، چھور، میانو سندھ، گوجرانوالہ اور کراچی کے قریب 12 مقامات پر ہیروپ ڈرونز بھیجے گئے جنہیں پاک فوج کے چوکنا اہلکاروں نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے تباہ کردیا، تباہ ہونے والے بھارتی ڈرونز کا ملبہ متعلقہ علاقوں میں موجود ہے، لاہور میں پاک فوج کے 4 افسران زخمی ہوئے، سندھ کے علاقے میانو میں ایک سویلین شہری شہید ہوا، ان ڈرون حملوں میں 2 شہری زخمی بھی ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارت نے پاکستان پر حملے کی غلطی کی جس کا اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑا، ہندوستان عقلمندی کے تمام راستے کھونے کے قریب ہے، بھارت کو رات گئے کیے گئے حملوں کا منہ توڑ جواب دیا گیا، گزشتہ رات کی جارحیت انتہائی سنگین اشتعال انگیزی ہے، اس وقت بھی یہ عمل جاری ہے اور پاک فوج انہیں گرانے میں مصروف ہے، یہ سنگین صورتحال ہے، دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت نا صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے، ہم اس قسم کی جارحیت کو ناصرف قابو پانے کا عزم رکھتے ہیں بلکہ اس پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات