Live Updates

بھارت کی جانب سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش

پاک فوج کی جانب سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب بھارتی ڈرون کو مار گرایا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 مئی 2025 20:17

بھارت کی جانب سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 08 مئی 2025ء ) بھارت کی جانب سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش۔ تفصیلات کے مطابق بزدل بھارت کی جانب سے پاکستان میں جاری پی ایس ایل کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پاک فوج کی جانب سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب بھارتی ڈرون کو مار گرایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے شیڈول میچ سے قبل ڈرون مار گرایا گیا، جس کے بعد پی ایس ایل کا آج ہونے والا میچ منسوخ کر دیا گیا۔

دوسری جانب وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے بعد پاکستان کا بھارت کوجواب دینا یقینی ہوگیا ہے، پاکستان بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا، پاکستان بھارت تنازع بند گلی میں داخل ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں کے بعد پاکستان کا بھارت کوجواب دینا یقینی ہوگیا ہے، پاکستان بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا، بھارتی ڈرونزحملوں سے لاہور کے دفاعی نظام کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔

پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے امریکا کردار ادا کررہا ہے۔ اب کشیدگی میں کمی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی، پاکستان بھارت تنازع بند گلی میں داخل ہورہا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ رافیل طیارے اڑانے والے ایک تو بزدل اور دوسرامہارت نہیں رکھتے تھے، رافیل طیارے بنانے والی کمپنی کو بھی دھچکا لگا ہے۔بھارت کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ اس کی خفت مٹانے کی کوشش کررہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے بھارت کے زیر استعمال دنیا میں پہلی مرتبہ اسرائیلی ساختہ ڈرون کو مار گرایا ہے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گرائے جانے والا ڈرون اسرائیلی ساختہ Heron MK 2 ہے جو 35 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑتا ہے اس ڈرون کو انٹی ائیرکرافٹ گن سے ٹارگٹ نہیں کیا جاسکتا اس کا انجن برطانوی کمپنی UAV Engines LTD بناتی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا کہ افواج پاکستان کی سافٹ کل( تکنیکی ) اور ہارڈ کل( ہتھیاروں) سے اب تک 25 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے بھارت کے 6 اور 7مئی کی درمیانی شب بزدلانہ حملہ میں 5 جدید طیاروں، ڈرونز، متعدد پوسٹوں کے تباہ اور فوجی ہلاکتوں ہونے کے بعد، بھارت بوکھلاہٹ میں یہ اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے جبکہ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت نے بھرپور نقصان اٹھایا اور اٹھا رہا ہے ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور اس کے تمام عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات