)ہنگامی صورتحال اور سویلین آبادی پر جارحیت کے نتیجے میں الخدمت فاؤنڈیشن کا فوری اور مؤثر اقدامات کا آغاز

جمعرات 8 مئی 2025 22:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2025ء) حالیہ جنگی صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن کی ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے ہنگامی پریس بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری ، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اکرام الحق سبحانی، نائب صدر زکر اللہ مجاہد، الخدمت ہیلتھ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف اورسی ای او خبیب بلال نے شرکت کی۔

سید وقاص جعفری نے اس موقع پربتایا کہ حالیہ ہنگامی صورتحال اور سویلین آبادی پر جارحیت کے نتیجے میں الخدمت فاؤنڈیشن نے فوری اور مؤثر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے ملک بھر میں اپنے 41 الخدمت ریسپانس سینٹرز کو اپڈیٹ کر دیا ہے ، جبکہ جنوبی پنجاب، وسطی پنجاب، لاہور اور آزاد کشمیر کے چار بڑے ریجنز سمیت مرکز ی سطح پر وار کرائسز مینجمنٹ سیلز قائم کیے جا چکے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور منظم ردعمل دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

الخدمت فاؤنڈیشن نے 15 موبائل ہیلتھ یونٹ، 50 ایمبولینسیں، ایک کروڑ مالیت کی ادویات، ایک ہزار خیمے، 5 ہزار ترپال سمیت امدادی سامان پر مشتمل ٹرک لائن آف کنٹرول اور متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیا ہے۔اکرام الحق سبحانی نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA)، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (PDMAs) اور ریسکیو 1122 کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور رابطے میں ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ایک ٹریننگ پروگرام بھی ترتیب دیا جا رہا ہے۔ جس میں ہر عمر کے افراد کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بطور شہری فعال کردار ادا کرنے کے لیے تربیت دی جائے گی۔ اگر صورتحال مزید بگڑتی ہے اور اندرونِ ملک نقل مکانی کا خدشہ بڑھتا ہے تو الخدمت فاؤنڈیشن عارضی خیمہ بستیاں قائم کرے گی اور متاثرہ افراد کے لیے نقل و حمل کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے الخدمت کے 57 ہسپتالوں کو ہنگامی حالات کے پیش نظر تیار کر لیا گیا ہے، جہاں 30 فیصد بیڈز کو جنگی حالات کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔الخدمت نے 1کروڑ روپے کی ادویات متاثرہ علاقوں کی طرف بھجوا دی ہیں جبکہ پہلے مرحلے میں مزید 10کروڑ روپے مالیت کی ادویات خریدرہے ہیں تاکہ ادویات کا ذخیرہ اپڈیٹ کر لیا جائے اور ضرورت کے وقت فوری فراہمی ممکن ہو۔آخر میں سید وقاص جعفری نے یقین دلایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہمیشہ کی طرح اس نازک مرحلے پر بھی قوم کے شانہ بشانہ ہے اور اپنی تمام تر صلاحیتیں، وسائل اور رضاکار قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے متاثرین کی خدمت کرتی رہے گی۔