Live Updates

ایشیا میں فضائی آلودگی اور ناقص خوراک دل کی بیماریوں کی ذمہ دار

ناقص خوراک جیسے زیادہ چکنائی، نمک، اور شکر کا استعمال بھی دل کی بیماریوں کے خطرے کو بڑھاتا ہے،تحقیق

جمعہ 9 مئی 2025 13:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)حالیہ سائنسی تحقیق سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ ایشیا میں فضائی آلودگی اور ناقص خوراک دل کی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے خطرات میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 70 لاکھ اموات فضائی آلودگی سے منسلک بیماریوں کی وجہ سے ہوتی ہیں جن میں دل کی بیماریاں، فالج اور پھیپھڑوں کا کینسر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جنوبی ایشیا، خاص طور پر بھارت اور پاکستان میں فضائی آلودگی (باریک ذرات) کی سطح PM2.5 سے بھی 20 گنا زیادہ پائی گئی ہے جو دل کی بیماریوں کا اہم سبب ہے۔ایک حالیہ مطالعے کے مطابق چین کے صوبے جیانگسو میں بھی شدید گرمی اور فضائی آلودگی کے امتزاج سے مہلک دل کے دورے کا خطرہ دوگنا ہوگیا ہے۔یہ خطرہ خاص طور پر 80 سال سے زائد عمر کے افراد اور خواتین میں زیادہ پایا گیاہے۔

ناقص خوراک جیسے زیادہ چکنائی، نمک، اور شکر کا استعمال بھی دل کی بیماریوں کے خطرے کو بڑھاتاہے۔ ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فضائی آلودگی اور ناقص خوراک کا امتزاج موت کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے،تاہم دوسری جانب سبزیوں، پھلوں، اور سویا بینز کے باقاعدہ استعمال سے فضائی آلودگی کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات