ایل او سی پر بھارتی فوج کی گولہ باری، 5 افراد شہید، جوابی کارروائی میں 8 چوکیاں، بٹالین ہیڈکوارٹر تباہ

جمعہ 9 مئی 2025 18:57

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی، پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی 8 چوکیاں اڑا دیں، اور فوج بٹالین ہیڈکوارٹر بھی تباہ کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فوج نے آبادی پر گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں نومولود بچی سمیت 4 افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔

باغ میں مکان پر بھارتی گولا گرنے سے نوجوان شہید اور 2 بہنیں زخمی ہوگئیں، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسری جانب پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی پر بھرپور جوابی کارروائی کرکے بھارتی فوج کی 8 چوکیاں اڑا ڈالیں۔حاجی پیر سیکٹر میں پاکستان نے بھارتی فوج کے خلاف مؤثر جوابی کارروائی کی، اس موقع پر بھارتی فوج کی جھنڈا زیارت پوسٹ تباہ کردی گئی، جس میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

پانڈو سیکٹر میں بھارتی فوج کا بٹالین ہیڈکوارٹرز تباہ کردیا گیا، باغسر میں پاک فوج نے بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا ہے، آزاد کشمیر کے علاقے پناگ شریف میں ایک چھوٹا ڈرون درختوں پر آگرا، جسے صبح 3 بجے نشانہ بنایا گیا تھا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر حاجی پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی رِنگ کنٹوئر پوسٹ کو بھی تباہ کیا گیا، پاک فوج نیدشمن کی پوکران مارٹربگھسر پوسٹ بھی تباہ کی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کیلر سیکٹر میں مہیری پوسٹ خالصہ ٹاپ تباہ کی گئی، رکھ چکری سیکٹر میں دنا ٹاپ اور ماؤنڈ پوسٹ کو بھی صفحہ ہستی سے مٹادیا گیا، پاک فوج کے تازہ ترین حملوں میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے، اس سے قبل بھی پاک فوج نیدشمن کی متعدد پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا۔لائن آف کنٹرول پر پے در پے پوسٹوں کی تباہی سے دشمن بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے، اور شہری آبادی پر گولا باری کر رہا ہے، پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔