Live Updates

جنگی جنون میں مبتلا بولی وڈ آپریشن سندور، پہلگام حملہ پرفلمیں اورویب سیریز بنانے کیلئے کوشاں

جمعہ 9 مئی 2025 19:02

جنگی جنون میں مبتلا بولی وڈ آپریشن سندور، پہلگام حملہ پرفلمیں اورویب ..
لاس اینجلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے اور 7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حملوں کے بعد متعدد بولی وڈ پروڈکشن ہائوسز اور پروڈیوسرز دونوں واقعات پر حقائق کو توڑ مروڑ کر فلمیں اور ویب سیریز بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ترک خبر رساں ادارے نے متعدد بھارتی ویب سائٹس کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت کے پاکستان پر حملے کے ایک گھنٹے بعد ہی متعدد بھارتی پروڈیوسرز نے آپریشن سندور کے نام سے ویب سیریز اور فلمیں بنانے کے لیے ٹائٹل کو رجسٹرڈ کروانے کی درخواستیں دیں۔

بھارتی قوانین کے تحت پروڈیوسرز اور پروڈکشن ہائوسز کو سیاسی اور سماجی واقعات پر فلمیں بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے استعمال کیے جانے والے الفاظ کو نام میں استعمال کرنے کے لیے پہلے رجسٹریشن کروانی پڑتی ہے۔

(جاری ہے)

متعدد بھارتی پروڈکشن ہائوسز اور پروڈیوسرز نے ٹائٹل رجسٹریشن کرنے والے اداروں کو آپریشن سندور، پہلگام حملہ اور سندور آپریشن جیسے ناموں کی رجسٹریشن کے لیے درخواستیں دے دیں۔

درخواست دینے والے پروڈکشن ہائوسز میں ریلائنس پروڈکشن، دی موشن پکچرز اور دوسرے ادارے بھی شامل ہیں۔علاوہ ازیں متعدد انفرادی پروڈیوسرز نے بھی آپریشن سندور، پہلگام حملہ اور سندور آپریشن جیسے ناموں کے ٹائٹل کی رجسٹریشن کے لیے اپنی درخواستیں دے دیں۔زیادہ تر پروڈکشن ہائوسز اور انفرادی افراد نے ہندی زبان میں فلمیں اور ویب سیریز بنانے کے لیے ٹائٹل رجسٹریشن کی درخواست دی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ ابھی تک کسی بھی پروڈکشن کمپنی، پروڈیوسر، ہدایت کار یا اداکار نے واضح طور پر پہلگام حملہ اور آپریشن سندور‘ کے نام سے فلم یا ویب سیریز بنانے کا اعلان نہیں کیا تاہم اطلاعات ہیں کہ متعدد افراد اور ادارے فلمیں بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔بولی وڈ پروڈکشن ہائوسز اور پروڈیوسرز ہمیشہ ہی پاکستان اور مسلم مخالف بنانے میں پہلے کرتے ہیں اور بولی وڈ کو تاریخ اور حقائق کو مسخ کرنے میں برتری حاصل رہی ہے۔

بالی وڈ کی متعدد فلمیں پاکستان مخالف، کشمیر مخالف اور مسلم مخالف ہیں، جنہیں نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک کی جانب سے بھی پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ پہلگام حملہ اور آپریشن سندور‘ پر کب تک اور کس ہدایت کار و اداکار کی جانب سے فلم یا ویب سیریز سامنے آئے گی تاہم امکان ہے کہ اگلے چند ماہ میں اس حوالے سے مزید معلومات دستیاب ہوگی۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات