پاک فوج پر غیر متزلزل اعتماد، دشمن کی سازشیں ناکام بنادی جائیں گی، پیر ارشدکاظمی

جمعہ 9 مئی 2025 20:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء) تحریکِ اہلِ سنت پاکستان صوبہ سندھ کے چیئرمین رابطہ کمیٹی، پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت محفوظ ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم کو اپنی پاک فوج پر مکمل، غیر مشروط اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے آج کیے گئے ڈرون حملے پاکستان میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی ناکام کوشش ہیں، جن کا مقصد قوم کو منتشر کرنا اور فوج و عوام کے درمیان اعتماد کو کمزور کرنا ہے، مگر پاکستانی عوام ان شاء اللہ عزوجل ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو اپنے اداروں پر مکمل بھروسہ ہے اور پوری قوم مطمئن رہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمیں ایک مضبوط ملک اور باصلاحیت فوج عطا ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پیر ارشد علی شاہ نے کہا کہ ہندوستان اس وقت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے، کیونکہ پاک فوج نے ان کے چھ جنگی طیارے، جن میں تین جدید رافیل شامل تھے، تباہ کر کے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ماضی میں دعویٰ کیا تھا کہ اگر ان کے پاس رافیل ہوتے تو ابھی نندن جیسی شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑتا، مگر آج الحمدللہ پاکستانی فوج نے ان کے جدید رافیل طیارے گرا کر ان کی انا خاک میں ملا دی۔ مودی کا خواب تھا کہ وہ طاقت کے بل بوتے پر پاکستان کو دبائیں گے، لیکن پاک فوج نے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

پیرسید ارشد کاظمی القادری نے کہا کہ دشمن کی ہر کوشش کا مقصد فوج اور عوام میں بداعتمادی پیدا کرنا ہے، مگر پاکستان کی قوم جاگ چکی ہے اور پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ تحریکِ اہلِ سنت پاکستان کا ہر کارکن دین، ملک اور افواجِ پاکستان کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار ہے۔آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہر قسم کے افواہوں سے گریز کریں، اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں اور ملک کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہیں۔