Live Updates

بیرسٹر سلطان محمود کاپاک فوج کو بھارت کے حملوں کا جواب دینے اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنے پر خراج تحسین

پاک افواج نے بھارت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا جس سے بھارت کا غرور خاک میں مل گیا،صدرآزادجموں وکشمیر موجودہ جنگی صورتحال میں پوری قوم مل کر بھارت کی فسطائیت کا مقابلہ کرے گی،پاک فوج کے حوصلے بلند ہیں،ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 10 مئی 2025 17:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2025ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم پاک فوج کو جوانمردی سے بھارت کے حملوں کا جواب دینے اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پاک افواج نے بھارت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے جس سے بھارت کا غرور خاک میں مل گیا،پاکستان اور آزادکشمیرکے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں، موجودہ جنگی صورتحال میں پوری قوم مل کر بھارت کی فسطائیت کا مقابلہ کرے گی،پاک فوج نے ملکی سرحدوں پر بھارت کی طرف سے رات کی تاریکی میں کیے جانے والے بزدلانہ حملوں کاپوری قوت اور طاقت کے ساتھ جواب دیتے ہوئے بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے،پاک فوج کے حوصلے بلند ہیں اور پوری قوم اس وقت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور معصوم شہریوں پر بمباری کر کے انہیں شہید کر رہا ہے ،بھارت کی اس فسطائیت کا انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور بین الاقوامی برادری کو نوٹس لیناچاہیے اور بھارت کو سول آبادی پر بمباری کرنے اور جنگی جارحیت سے باز رکھنے کیلئے انٹرنیشنل کمیونٹی کو اپنا رول اد اکرنا چاہیے کیونکہ بھارت نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان پر بے بنیاد الزام عائد کر تے ہوئے پاکستان اور آزادکشمیر پر حملہ کر کے بے گناہ شہریوں کو شہید کیا ہے جس پر ہم بھارت کی اس فسطائیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاک بھارت کشیدگی کی اصل وجہ تنازعہ کشمیر ہے عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ نریندر مودی ہندوتوا نظریے کے تحت مسئلہ کشمیر کو ختم اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے ذریعے کچلنا چاہتا ہے لیکن مسئلہ کشمیر جب تک کشمیری عوام کی مرضی و منشاء کے مطابق حل نہیں کیا جاتا تب تک خطے میںقیام امن ممکن نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حلقہ سماہنی سے سابق امیدوار اسمبلی چوہدری رزاق سے ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پرحلقہ سماہنی سے سابق امیدوار اسمبلی چوہدری رزاق نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کوسماہنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت آئے روز مقبوضہ کشمیر کے اندر کشمیریوں کو شہید کر رہا ہے اور اب بھارت لائن آف کنٹرول کے اس پار بمباری کر کے لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والی آبادیوں کو نشانہ بنا رہا ہے جو کہ بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ صدر آزادجموںبیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مودی سرکار پر جنگ کا بھوت سوار ہے اور بھارت لائن آف کنٹرول پر سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔

بھارت کی طرف سے ایل او سی پر شہری آبادیوں پر گولہ باری کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مودی کو اُس کے مکروہ عزائم سے باز رکھنے کے لئے انٹرنیشنل اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی بھارت کے ہندوتوا نظریے اور مسئلہ کشمیر کی حساس نوعیت کو سمجھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق خودارادیت دلوانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آگے بڑھتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ خطے میں امن کا قیام ممکن ہو سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات