Live Updates

پاکستان نے عالمی قوانین کے مطابق بھارتی جارحیت کا جواب دیا ہے، حریت کانفرنس

خطے میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس کابیان

ہفتہ 10 مئی 2025 17:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی قوانین کے مطابق بھارتی جارحیت کا ایک موثر جواب دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات کیے اور رات کی تاریکی میں حملہ کر کے معصوم بچوں سمیت کئی پاکستانی شہریوںکو شہید کیا ۔

ا نہوںنے کہا کہ بھارت شہریوں کے قتل عام کو چھپانے کے لیے دہشتگرد کیمپوں کا بے بنیاد دعویٰ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت گزشتہ 77برس سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے اور اس نے اب تک آزادی کے مطالبے کی پاداش میں 5لاکھ کے قریب کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے اگست2019 میں مقوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں پر ایک سنگین وار کیااور اب وہ علاقے میں بندوق کی نوک پر قائم کی جانے والی خاموشی کو انتہائی ڈھٹائی اور بے شرمی سے امن کا نام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے غیر قانونی بھارتی اقدامات کو رد کیاہے اور وہ جموںوکشمیر کو بدستور ایک متنازعہ خطہ مانتی ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی بٹ دھرمی اور غرور وتکبر کی وجہ سے اس خطے پر ایٹمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیںاور اگر وہ خطے میں امن اور اپنے کروڑوں شہریوں کی بہتری چاہتا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو طاقت کے بل پر ساتھ رکھنے اور خطے پر اپنی بالا دستی قائم کرنے کی پالیسی فوری ترک کر ے ۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر ایک حقیقت ہے اور اٹوٹ انگ کی بھارتی رٹ اس حقیقت کو ہرگز تبدیل نہیں کر سکتی ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں دیر پاامن و ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ا قوام متحدہ آگے آئے اور جموںوکشمیر کے بارے میں اپنی کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات