Live Updates

پاکستان اور بھارت فوری طور پر سیز فائر پر متفق ہوگئے ہیں، ٹرمپ کا دعویٰ

امریکہ کی ثالثی میں ایک طویل بات چیت کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے؛ امریکی صدر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 مئی 2025 17:11

پاکستان اور بھارت فوری طور پر سیز فائر پر متفق ہوگئے ہیں، ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی 2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت فوری طور پر سیز فائر پر متفق ہوگئے ہیں۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کی ثالثی میں ایک طویل بات چیت کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، ذہانت اور تدبر سے کام لینے پر دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس معاملے پر تمام فریقین کی دلچسپی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

trump
 
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی جنگی صورتحال کے تناظر میں پاکستان، افغانستان اور چین کے اعلیٰ سطح کے وفود پر مشتمل سہ فریقی اجلاس منعقد ہوا، جس میں خطے میں امن و استحکام اور سیکیورٹی تعاون کے امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی، اجلاس کی صدارت افغان وزیر خارجہ ملا امیر متقی نے کی، پاکستان کی طرف سے سابق سفیر محمد صادق وفد کے ساتھ شریک ہوئے جب کہ چین کی جانب سے افغانستان کے لیے چینی نمائندہ خصوصی نے اپنے وفد کی قیادت کی، اجلاس میں حالیہ جنگی کشیدگی، سرحدی سلامتی، عوامی تحفظ اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا، فریقین نے خطے میں قیام امن، مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل اور یکطرفہ جارحیت سے گریز کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ادھر جنگی جنون میں مبتلا بھارتی حکومت کو 83 بلین ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑ گیا، عالمی نیوز ایجنسی رائٹرز نے رپورٹ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث ہندوستانی حصص مسلسل گرنے سے مارکیٹ ویلیو میں تقریباً 83 بلین ڈالر کا نقصان ہوا کیوں کہ ہندوستان اور اس کے ہمسایہ ملک پاکستان کے درمیان عسکری کارروائی میں شدت نے سرمایہ کاروں کو پریشان کردیا،بھارت کی سٹاک مارکیٹ کے 13 بڑے شعبوں میں سے 12 شعبے شدید مندی کا شکار ہوئے، جس کے بعد سے سٹاک مارکیٹ میں شدید بے چینی کی فضا دیکھی گئی، خطے میں کشیدگی پر غیرملکی سرمایہ کاروں نے واضح طور پر تحفظات کا اظہار کیا۔ 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات