Live Updates

تحریک پاکستان کے نامور رہنما اور اردو کے مقبول شاعر مولانا حسرت موہانی کی 74ویں برسی 13مئی منگل کو منائی جائے گی

ہفتہ 10 مئی 2025 18:53

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2025ء) تحریک پاکستان کے نامور رہنما اور اردو کے مقبول شاعر مولانا حسرت موہانی کی 74ویں برسی 13مئی منگل کو منائی جائے گی۔مولانا حسرت موہانی کا اصل نام سید فضل الحسن تھا اور وہ 1875ء میں موہان (یوپی) میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ ایم اے او کالج علی گڑھ کے فارغ التحصیل تھے۔حسرت موہانی کی سیاسی زندگی کا آغاز ان کے دور طالب علمی سے ہوگیا تھا۔

گریجویشن کے بعد انہوں نے علی گڑھ سے اردو رسالہ،اردوئے معلی جاری کیا اورانڈین نیشنل کانگریس سے منسلک ہوگئے۔

(جاری ہے)

بعدازاں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور آل انڈیا مسلم لیگ سے وابستہ رہے۔ وہ ایک جرات مند سیاست دان اور صحافی تھے۔ انہوں نے اپنی سیاست اور صحافت کی وجہ سے کئی مرتبہ قید و بند کی صعوبت برداشت کی۔ان کی حق گوئی کے باعث ہندوستان بھر کے سیاسی قائدین بشمول قائداعظم محمد علی جناح آپ کی بڑی تکریم و تعظیم کرتے تھے۔قیام پاکستان کے بعد وہ ہندوستان ہی میں مقیم رہے اور ہندوستان کے مسلمانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔ وہ ایک خوش گو شاعر بھی تھے اور ان کا دیوان بھی اشاعت پذیر ہوچکا ہے۔ مولانا فضل الحسن حسرت موہانی کا انتقال 13مئی1951ء کولکھنو میں ہوا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات