Live Updates

صوبائی وزیر سلیم احمد کھوسہ کا افواجِ پاکستان کو بھارتی اشتعال انگیزی کا موثر جواب دینے پر زبردست خراجِ تحسین

ہفتہ 10 مئی 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے افواجِ پاکستان کا بھارت کے اشتعال انگیزی کا موثر جواب دینے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘ آہنی دیوار نے دشمن کی نیندیں اڑا دیں ،پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر ناز اور فخر ہے ،بہادری، جذبے اور شہادت کی تمنا رکھنے والے پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کو جس انداز سے جواب دیا وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سلامتی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ آگے بھی کریگا ، افواجِ پاکستان نے آج جو تاریخ رقم کی وہ بھارت صدیوں نہیں بھولے گا ،پاک فوج کی جرأتمندانہ کارروائی بھارت کے لیے پیغام ہے کہ ہم امن پسند ضرور ہیں، کمزور نہیں۔میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ اس جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کے مانند کھڑی ہے،دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قوم یکجہتی کے ساتھ متحد ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات