فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں انجمن تاجر اتحاد کی جانب سے افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کی پرجوش ریلی

اتوار 11 مئی 2025 11:55

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)بھارت کی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کے ''منہ توڑ جواب کے حق میں انجمن تاجر اتحاد جڑانوالہ کے زیر اہتمام ایک عوامی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کے سیاسی، مذہبی، اور سماجی رہنماؤں سمیت سیکورٹی اہلکاروں نے بڑی تعداد شرکت کی۔ ریلی کا مقصد پاک فوج کی بہادری اور قومی دفاع کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

ریلی کی قیادت ایس پی جڑانوالہ محمد ضیاء الحق، مولانا سکندر حیات ذکی (ممبر ڈسٹرکٹ امن کمیٹی فیصل آباد)، شیخ عبد الغفار (صدر تاجر اتحاد جڑانوالہ)، اور دیگر نمایاں شخصیات جیسے حافظ اسد اللہ (تحریک تحفظ ختم نبوت) نے کی۔ ارسلان باری (ایس ایچ او سٹی جڑانوالہ) سمیت سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

مقررین نے زور دے کر کہا کہ ''بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کا جواب پاک فوج نے بہادری سے دیا ہے۔

ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قربانی دینے کو تیار ہیں شیخ عبد الغفار نے کہا کہ تاجر برادری ملکی سلامتی کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہے گی شرکاء نے ''پاک فوج زندہ باد''، ''بھارت مردہ باد اور ہم سب ایک ہیں جیسے نعرے لگاتے ہوئے قومی پرچم اٹھائے۔ پلے کارڈز پرافواجِ پاکستان کی حمایت اور بھارتی جارحیت کی مذمت کے پیغامات درج تھے۔ ریلی کے اختتام پر خصوصی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملکی استحکام اور شہداء کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ شرکاء نے عہد کیا کہ وہ ہر محاذ پر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے