Live Updates

ایم کیو ایم پاکستان حیدرآباد کی جانب سے پاک فوج کے کامیاب آپریشن "بنیان مرصوص" پر اظہارِ تشکر، کوہ نور چوک پر مٹھائی تقسیم، شاندار آتش بازی

اتوار 11 مئی 2025 12:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ضلع حیدرآباد کے زیرِ اہتمام کوہ نور چوک پر پاک فوج کے کامیاب آپریشن "بنیان مرصوص" پر اظہارِ یکجہتی و تشکر کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈسٹرکٹ انچارج ظفر احمد صدیقی، جوائنٹ انچارجز، اراکینِ ڈسٹرکٹ کمیٹی، رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین، اراکین صوبائی اسمبلی ایڈووکیٹ راشد خان، انجینئر صابر حسین قائم خانی، ناصر حسین قریشی، ٹاؤن انچارجز، یوسیز کے ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج نے جس جرأت اور حکمتِ عملی سے جواب دیا، وہ قابلِ فخر ہے۔ آپریشن "بنیان مرصوص" نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا بلکہ پوری قوم کے سر فخر سے بلند کر دیے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور شاندار آتش بازی کے ذریعے قومی جذبے کا بھرپور اظہار کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات