پاکستان بھر کے ایئرپورٹس پر بیک لاگ کے باعث 150 پروازیں منسوخ، بعض تاخیر کا شکار

جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان نے فضائی حدود کھولنے کا اعلان کیا تھا ، رپورٹ

اتوار 11 مئی 2025 16:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس سے فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے باوجود بیک لاگ کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر ہوئی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 150 پروازیں منسوخ ہوئیں، کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 45، لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 38، اسلام آباد کے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ سے 40 پروازیں منسوخ ہوئیں، منسوخ کی گئی پروازوں میں 138 بین الاقوامی پروازیں شامل ہیں۔

ملتان کی 10، پشاور کی 11 اور سیالکوٹ کی 6 پروازیں آپریشنل وجوہات کی بنا پر منسوخ کی گئی ہیں۔علاوہ ازیں کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے اندرون و بیرون ملک فلائٹ آپریشن جاری ہے، خلیجی ممالک کے لیے بھی قومی ایئر لائن (پی آئی ای) کی پروازیں آج شیڈول ہیں، کراچی سے متعدد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، بعض فلائٹس تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی سے پی آئی اے کی پرواز مدینہ کے لیے روانہ ہوئی، کراچی سے اسلام آباد کے لیے 2 پروازیں مقررہ وقت پر روانہ ہوئیں، کراچی سے نجی ایئر لائنز کی متعدد پروازیں منسوخ ہوئیں۔

فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے بعد دمام، مدینہ اور جدہ سے بھی فلائٹس کراچی پہنچی ہیں، لاہور سے مدینہ، دبئی اور کراچی کے لیے 5 پروازیں روانہ ہوچکی ہیں، لاہور سے باکو مشہد کے لیے پروازیں شیڈول ہیں۔