مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بناتے ہوئے پوری دنیا میں اپنی بے مثال طاقت اورصلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،حاجی اکرم انصاری

اتوار 11 مئی 2025 16:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) ڈویژنل صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) فیصل آباد حاجی اکرم انصاری نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج نے جس پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور جذبہ حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن ''بنیان مرصوص'' کو کامیابی سے ہمکنار کیاوہ قابل تحسین ہے اور اس کامیابی پر اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لا لاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن ''بنیان مرصوص '' کی کامیابی پروزیراعظم محمد شہباز شریف کے یومِ تشکر منانے کے اعلان پر اپنے ڈیرہ پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مسلم لیگ(ن) کے مقامی عہدیداروں،کارکنوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی مسلح افواج کے بہادر جوانوں نے دشمن کی جارحیت کو نہ صرف ناکام بنایا بلکہ پوری دنیا میں اپنی بے مثال طاقت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے بروقت جرات مندانہ اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ، مضبوط اور محب وطن قیادت کے ہاتھوں میں ہے، جو نہ صرف ملکی خودمختاری کا تحفظ جانتی ہے بلکہ خطے میں امن کے فروغ کی بھی خواہاں ہے۔ افواج پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پرا فواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے تاہم بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارت کو جنگ بندی کا اعلان کرنے پر مجبور کرنا پڑا۔اس موقع پر پاکستان کی سلامتی و خوشحالی اورشہداء و غازیوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔