آپریشن "بنیان مرصوص" میں پاکستان کی چوبیس کروڑ عوام نے مثالی اتحاد اور یگانگت کا مظاہرہ کیا،عزیز احمد اعوان

اتوار 11 مئی 2025 16:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان نے کہا ہے کہ آپریشن "بنیان مرصوص" میں پاکستان کی چوبیس کروڑ عوام نے مثالی اتحاد اور یگانگت کا مظاہرہ کیا۔ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی۔ انہوں نے کہا کہ سابق فوجیوں کی تنظیم نے بھی قومی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے مکمل طور پر متحرک کردار ادا کیا۔

عزیز احمد اعوان کا کہنا تھا کہ ہماری افواج ہمارا فخر ہیں۔ بری، بحری و فضائی افواج کے جوانوں نے دنیا کو یہ واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستانی قوم کسی بھی بحران میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے شاہینوں نے اسلام اور پاکستان کا پرچم سربلند کر کے نہ صرف دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا بلکہ پوری امت مسلمہ کو فخر کا موقع فراہم کیا۔

(جاری ہے)

عزیز احمد اعوان نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے دشمن کی صفوں میں خوف و ہراس بٹھا دیا ہے جبکہ عالم اسلام پاکستان کی اس عظیم فتح کو اپنی کامیابی تصور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے مسلط کی گئی بھارتی جارحیت کے دوران پاکستانی میڈیا کا کردار نہایت ذمہ دارانہ، مدلل اور قابلِ فخر رہا۔ میڈیا نے جس انداز میں قومی بیانیے کی حمایت کی، وہ تاریخ کا سنہری باب بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین، بزرگ، نوجوان اور بچوں سمیت سب نے متحد ہو کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستانی قوم ایک جسم اور ایک آواز ہے، اور سب "اللہ کے سپاہی" ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق فوجیوں کو پہلے ہی الرٹ کر دیا گیا تھا اور وہ آرمی چیف کے حکم کے منتظر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ بھی ملک کو ضرورت پیش آئی تو پاکستان کے 40 لاکھ سابق فوجی ہر لمحہ اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تحفظ اور استحکام کے لیے سابق فوجی ہمیشہ فرنٹ لائن پر ہوں گے۔