بھارت کا نہتے شہریوں اور مساجد پر حملہ بزدلانہ اور نا قابلِ معافی اقدام ہے، ڈاکٹر شازیہ سیال

اتوار 11 مئی 2025 18:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) صدر حلقۂ خواتین جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ڈاکٹر شازیہ سیال نے کہا ہے کہ بھارت کا نہتے شہریوں اور مساجد پر حملہ بزدلانہ اور نا قابلِ معافی اقدام ہے۔ اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت سے جنگ صرف سرحدوں تک محدود نہیں بلکہ نظریاتی، سفارتی اور انسانی حقوق کے محاذ پر بھی لڑی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری بہادری، قربانیاں اور عوام کا اتحاد اس امر کا ثبوت ہے کہ ہم نہ صرف اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے تیار ہیں بلکہ اپنے اصولوں پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے، بھارت ہمیشہ سے عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے جس سے امن کے عمل کو شدید نقصان پہنچتا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت نہ صرف اپنے ان جارحانہ اقدامات کی کھلے الفاظ میں معافی مانگے بلکہ مستقبل میں ایسے کسی اقدام سے باز رہے۔انہوں نے کہا کہ اگر بھارت واقعی خطے میں امن چاہتا ہے تو اسے سندھ طاس معاہدے کی مکمل بحالی کو یقینی بنانا ہوگا۔