Live Updates

پروفیسربٹ کا پاک بھارت جنگ بندی اور مذاکرات کے بند دروازے کھلنے کا خیر مقدم

بھارت اور پاکستان سے زیادہ بہتر کون جانتا ہے کہ جنگ و جدل اقوام کی تباہی اور انسانیت کی موت کا باعث بنتی ہے

پیر 12 مئی 2025 15:31

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پروفیسر عبد الغنی بٹ نے پاک بھارت جنگ کے بعد امریکی مداخلت سے ہونے والی جنگ بندی اورمذاکرات کے بند دروازے کھلنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل بامعنی اور بامقصد بات چیت میں مضمر ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پروفیسر عبدالغنی بٹ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ ہما را یہ دیرینہ موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل بامعنی مذاکرات میں پنہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان سے زیادہ بہتر کون جانتا ہے کہ جنگ و جدل اقوام کی تباہی اور انسانیت کی موت کا باعث بنتی ہے۔

(جاری ہے)

ہم اس بات پر رب ذوالجلال کا شکر ادا کرتے ہیں کہ دونوں ممالک نے جنگ کی ابتدائی تباہ کاریوں کے فوراً بعد ہوش کے ناخن لے کر جنگ بندی کی طرف قدم بڑھایا۔

پروفیسر بٹ نے اس ضمن میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی پیشکش کا مثبت جواب دے کر پاکستان نے جس بڑے پن کا مظاہرہ کیا وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ مذاکرات کی میز پر مسئلہ کشمیر کو فوقیت حاصل ہوگی، کیونکہ ہر ذی شعور جانتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور ترقی کا واحد راستہ ہے۔پانی اور دہشت گردی مسئلہ کشمیر کے تناظر میں دیکھے جائیں تو جزوی مسائل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ برصغیر کی قیادت باشعور اور باصلاحیت ہونے کا ثبوت فراہم کرے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات