Live Updates

مودی سرکار پاکستان کو ترنوالہ سمجھنے کی غلطی کر بیٹھی تھی، چوہدری نعیم اختر

پاکستان اپنے جغرافیے کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت،اختیار اور طاقت رکھتا ہے

پیر 12 مئی 2025 18:13

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر نے پاکستان کی مسلح افواج کو آپریشن'' بنیان مرصوص '' میں ہمت، شجاعت اور دلیری کا مظاہرہ کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔انکا کہنا تھا کہ دہلی کے تخت پر بیٹھا انسانیت کا دشمن نریندر مودی اور اسکے حواری راج ناتھ سنگھ، امیت شاہ اور اجیت دوول پاکستان کو ترنوالہ سمجھنے کی غلطی کر بیٹھے تھے۔

4 دنوں کی جنگ میں پاکستان نے بھارتی فوج کو ناک رگڑنے پر مجبور کرکے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک مضبوط فوجی طاقت رکھنے والا اسلامی ملک ہے پاکستان اپنے جغرافیے کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت،اختیار اور طاقت رکھتا ہے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بری،بحری اور فضائیہ نے شجاعت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے آپریشن ''بنیان مرصوص '' کے دوران بھارت کہ چھ جنگی طیارے اور 100 کے قریب ڈرونز گرائے۔

(جاری ہے)

پاک افواج نے بھارتی فضائی ٹھکانوں پر تیر بہدف بمباری کرکے انہیں تہس نہس کیا۔انھوں نے کہا کہ پاک افواج نے لائن آف کنٹرول پہ ہندوستان کی قابض فوج کی جو درگت بنائی ان کے بریگیڈ کوارٹر، بٹالین ہیڈ کوارٹر ان کے توپ خانے کو تباہ و برباد کیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ ہندوستان مار کھانے اور فوجی نقصان اٹھانے کے بعد بات چیت پر آمادہ ہوا۔انھوں نے کہا کہ آج ریاست جموں کشمیر کے عوام پاکستان کی حکومت، اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، یورپی یونین، او آئی سی اور دنیا کے وہ ملک جو امن اور انصاف کی بات کرتے ہیں مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 77 برسوں میں ہندوستان اور پاکستان کے مابین تنازع کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے جب تک اس مسئلے کو حل نہیں کرتے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے لوگوں کو استصواب رائے نہیں مل جاتا حقیقی امن قائم نہیں ہو سکتا۔انھوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشاء میں پائیدار امن کے قیام کے لیئے ریاست جموں کشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس رائے شماری کا موقع دینا ہے جب کشمیر کے لوگ اپنی مرضی سے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کر لیں گے تو یقینی طور پہ حقیقی امن کا قیام ہو جائے گا۔

لیکن اگر مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی امنگوں اور ان کی آرزوؤں کو ہندوستان 10 لاکھ فوج کے ذریعے اسی طرح سے کچلتا رہے گا ظلم و جبر کے پہاڑ توڑتا رہے گا تو میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اس خطے میں امن کی کوئی گارنٹی نہیں کوئی ضامن نہیں بن سکتا لہذا امریکہ اور اقوامِ متحدہ کے لیے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی غلطیوں کا ازالہ کریں اور دنیا کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ جو ان کا استحصالی رؤیہ ہے اس ترک کرتے ہوئے کشمیر، فلسطین اور غزہ کے عوام کو جارح قوتوں سے آزادی کے لیئے حق خودارادیت دینے میں جاندار کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت جملہ اوورسیز کشمیری کمیونٹی پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کے نڈر لوگوں کو بھی تحسین پیش کرتے ہیں آزاد کشمیر کے لائن آف کنٹرول پر رہنے والے تیرہ لاکھ ہمارے بھائی، بہنیں ہمارے بچے اور ہمارے بزرگ ہندوستان کی توپوں اور ان کی بندوقوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کے کھڑے ہیں ان کی ہمت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات