Live Updates

صحافتی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم پیش رفت

ساﺅتھ ایشیاءجرنلسٹس فیڈریشن کا قیام‘ گیتارتھا پاٹھک صدر، شکیل احمد جنرل سیکرٹری منتخب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 12 مئی 2025 19:33

صحافتی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم پیش رفت
کھٹمنڈو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 12 مئی ۔2025 ) نیپال کے شہر پوکھرا میں بھارت، پاکستان، نیپال، بھوٹان، افغانستان، مالدیپ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی صحافتی تنظیموں کے اجلاس میں ساﺅتھ ایشیاءجرنلسٹس فیڈریشن (ایس اے ایف جے) کا باضابطہ قیام عمل میں لایا گیا ہے یہ تنظیم فیڈریشن آف ایشیا پیسیفک جرنلسٹس کے آئین کے تحت تشکیل دی گئی ہے جو ذیلی علاقائی تنظیموں کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کی ایک علاقائی تنظیم ہے یہ اہم اجلاس نواس ہوٹل پوکھرا نیپال میں منعقد ہوا جو خطے بھر کے صحافیوں کو صحافتی آزادی اور پیشہ ورانہ دیانت کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے.

(جاری ہے)

پریس ریلزکے مطابق ساﺅتھ ایشاءجرنلسٹس فیڈریشن انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس سے منسلک آٹھ ممالک پر مشتمل ہے جن میں بھارت، پاکستان، نیپال، بھوٹان، افغانستان، مالدیپ، بنگلہ دیش اور سری لنکا شامل ہوئے اجلاس میں انڈین جرنلسٹس یونین کے گیتارتھا پاٹھک کو متفقہ طور پر صدر منتخب کیا گیا جبکہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے شکیل احمد جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے نیپال پریس یونین کے شیوا لامسال سینئر نائب صدر، افغانستان نیشنل جرنلسٹس یونین کے راشد ہادی نائب صدر، اور بنگلہ دیش منابادھیکار سانگبادک فورم کے خیرالزمان کمال کو فیڈریشن کے خزانچی کے طور پر منتخب کیا گیا.

اجلاس میں بھوٹان، مالدیپ، اور سری لنکا کے نمائندوں کو ایگزیکٹو باڈی کے رکن کے طور پر شامل کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتحب عہدیداروں نے کہا کہ اس وقت جنوبی ایشیا میں صحافتی آزادی سنگین خطرات کا سامنا کر رہی ہے جیسا کہ پریس فریڈم انڈیکس کی تنزلی میڈیا پر حملے، قانونی ہراسانی، اور بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے ذریعہ قتل جیسے سنگین الزامات کا سامنا کرنے والے 300 سے زائد صحافیوں جیسے معاملات ظاہر کرتے ہیں ساﺅتھ ایشیاءجرنلسٹس فیڈریشن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے.

انہوں نے کہا کہ ایس اے ایف جے ایک طاقتور مانیٹرنگ اور وکالتی ادارے کے طور پر کام کرے گا، جو میڈیا کی آزادی کے تحفظ اور صحافیوں کو ظلم و ستم سے بچانے کے لیے دباﺅ ڈالے گا فیڈریشن صحافیوں کی پیشہ ورانہ بہترین کارکردگی کے فروغ، کام کے بہتر حالات، اور روزگار کی حفاظت جیسے اہم مسائل پر بھی توجہ مرکوز کرے گی. بیان میںکہا گیا ہے کہ ہم حکومتوں، میڈیا اداروں، اور سول سوسائٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایس اے ایف جے کے مشن کی حمایت کریں تاکہ آزادانہ اظہار رائے، صحافتی دیانت، اور میڈیا پیشہ وران کی حفاظت کے اصولوں کو برقرار رکھا جا سکے انہو ں نے کہاکہ آئیں مل کر ایک ایسا ماحول تشکیل دیں جہاں صحافی خوف کے بغیر کام کر سکیں اور ہمارے معاشروں کے جمہوری ڈھانچے میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کر سکیں.


Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات