Live Updates

مائیک ہیسن پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر

منگل 13 مئی 2025 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے معروف کوچ مائیک ہیسن کو پاکستان مردوں کی وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مائیک ہیسن 26 مئی 2025 سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔یہ عہدہ اپریل میں پاکستان کے دور ہ نیوزی لینڈ کے بعد خالی ہوا تھا، جس کے بعد متعدد درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد مائیک ہیسن کا تقرر عمل میں آیا۔

(جاری ہے)

مائیک ہیسن اس سے قبل نیوزی لینڈ اور کینیا کی قومی ٹیموں کے کوچ رہ چکے ہیں اور ان دنوں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے اس حوالے سے کہا کہ مائیک ہیسن ایک تجربہ کار اور عالمی شہرت یافتہ کوچ ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کی قیادت میں پاکستان کی وائٹ بال ٹیم ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ہم ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔مائیک ہیسن کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کو آئندہ مہینوں میں کئی اہم سیریز اور ٹورنامنٹس کا سامنا ہے۔ کرکٹ حلقوں نے ہیسن کی تقرری کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات