بھارتی فوج کو شکست فاش دیئے جانے اور پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے آل ریونیو سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کیجانب سے ریلی نکالی گئی

منگل 13 مئی 2025 19:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) بھارتی فوج کو شکست فاش دینے پر پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے آل ریونیو سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر سید سردار علی شاہ کی قیادت میں شہباز بلڈنگ سے ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں محکمہ ریونیو کے ملازمین نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سید سردار علی شاہ نے کہاکہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارت میں گھس کر بھارتی فوج کو جو شکست دی ہے وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ اس جرات مندانہ اقدام کی وجہ سے پوری دنیا میں مسلمانوں کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ ایسے میں جبکہ مسلم ممالک پر کفار کی جانب سے بارود برسایا جارہا ہے پاکستان کی مسلح افواج نے جس دلیری اور بہادری کا مقابلہ کیا اس سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت یہ سمجھتا تھا کہ وہ پاکستان کو جلد ہی ڈھیر کردے گا لیکن پاک فضائیہ ، نیوی اور مسلح افواج کی حکمت عملی کے نتیجے میں ایک ہی روز میں بھارت کو پسپائی اختیار کرنی پڑی اور وہ سیز فائر پر مجبور ہوا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ملک کے 22کروڑ عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے دیگر شہر بھی پاکستان کا حصہ ہوں گے اور یہ ملک گریٹرپاکستان کہلائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی دفاع وطن کیلئے پاک فوج کو ضرورت پڑی ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے