Live Updates

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت

کہ فزیبلٹی رپورٹ کو فوری طور پر حتمی شکل دیں اور زمینی سطح پر بلا تاخیرکام شروع کیا جائے، لیاری کی تبدیلی کوئی وعدہ نہیں بلکہ ہماری ترجیح ہے،میئر کراچی

منگل 13 مئی 2025 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے لیاری ٹرانسفارمیشن منصوبے پر فوری عملدرآمد اور عملی پیشرفت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ فزیبلٹی رپورٹ کو فوری طور پر حتمی شکل دیں اور زمینی سطح پر بلا تاخیرکام شروع کیا جائے، لیاری کی تبدیلی کوئی وعدہ نہیں بلکہ ہماری ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

ہر مرحلہ عزم اور تیزی کے ساتھ مکمل ہونا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، میئر کراچی نے کہا کہ یہ منصوبہ لیاری جو کراچی کے قدیم اور متحرک علاقوں میں سے ایک ہے کہ سماجی، اقتصادی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے تیار کیا گیا ہے لہٰذا اس پر جلد از جلد عملدرآمد ضروری ہے تاکہ لیاری کے لوگوں کو بہتر اور معیاری شہری سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے، اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ فہیم چاچڑ، ٹاؤن چیئرمین لیاری ناصر کریم، میونسپل کمشنر لیاری حماد خان اور لیاری کے منتخب نمائندگان نے شرکت کی جبکہ نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کے نمائندے نے منصوبے کے مجوزہ عملدرآمدی منصوبے اور کام کے دائرہ کار پر بریفنگ دی جس کے دوران پریزنٹیشن میں شہری انفراسٹرکچر کو جدید بنانے، بہتر شہری سہولیات کی فراہمی اور جامع و شمولیتی ترقی جیسے اہم پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا، میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی لیاری سمیت کراچی کے تمام علاقوں کے عوام کو جدید اور بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے، ہماری خواہش ہے کہ ترقی کا یہ سفر شہر بھر میں یکساں رفتار سے جاری رہے اور شہریوں کے مسائل تیزی کے ساتھ حل کئے جائیں، ترقیاتی منصوبوں کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں اور متعلقہ محکموں و افسران کو متحرک کیا جارہا ہے، انشاء اللہ ان منصوبوں کے جلد اور دیرپا اثرات شہر میں نظر آئیں گے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات