Live Updates

جو لوگ ہٹ دھرمی کرکے انا کا مسئلہ بنا رہے ہیں وہ پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، علی امین گنڈاپور

عمران خان نے ہمیشہ کہا کہ وہ ملکی مفاد کیلئے معاف کرنے اور مذاکرات کرنے کو تیار ہیں، پوری قوم جانتی ہے کہ عمران خان کے ساتھ ذاتیات کی جا رہی ہیں؛ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 14 مئی 2025 11:14

جو لوگ ہٹ دھرمی کرکے انا کا مسئلہ بنا رہے ہیں وہ  پاکستان کو نقصان پہنچا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی 2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ جو لوگ ہٹ دھرمی کرکے اسے انا کا مسئلہ بنا رہے ہیں وہ وقتی طور پر انا کو تسکین پہنچا رہے ہیں، ایسے لوگ پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اس وقت قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ کہا کہ وہ ملکی مفاد کیلئے معاف کرنے اور مذاکرات کرنے کو تیار ہیں، پوری قوم جانتی ہے کہ عمران خان کے ساتھ ذاتیات کی جا رہی ہیں جو لوگ ہٹ دھرمی کر رہے ہیں اور انا کا مسئلہ بنا رہے ہیں وہ وقتی طور پر تو اپنی انا کو تسکین پہنچا لیں گے لیکن وہ پاکستان کو ایسا نقصان پہنچا رہے ہیں کہ نسلوں تک یاد رکھا جائے گا کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کے دور میں ایسا ہوا تھا تو ملک کو نقصان ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی پیرول پر رہائی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں دورانِ سماعت رجسٹرار آفس کی جانب سے دائر اعتراضات ختم نہ ہو سکے، اعتراضات تاحال برقرار ہیں. تحریری آرڈر بعد میں جاری کیا جائے گا، عمران خان کی پیرول پر رہائی کیلئے دائر وزیراعلٰی کے پی علی امین گنڈاپور کی درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیئے کہ میں تحریری آرڈر جاری کروں گا۔

معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی وکلاء نے عمران خان سے جیل میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی ملاقات نہ کرائے جانے کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت میں دورانِ سماعت اٹھایا، وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ’ہمیں کافی وقت سے عمران خان سے ملنے نہیں دیا جا رہا ہے ان کی صورتحال بھی حبس بےجا والی ہے‘، جس پر قائمقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیئے کہ ’ان کو تو ٹرائل کورٹ سے سزا ہو چکی ہے وہ سزا یافتہ ہیں‘۔

بتایا جارہا ہے کہ عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواست بھی اسی ہفتے سماعت کیلئے مقرر کرنے کا آرڈر کیا گیا تھا لیکن مقرر نہ ہو سکی، دوران سماعت وکیل لطیف کھوسہ نے آرڈر کرنے والے بنچ نے سربراہ قائمقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے سامنے معاملہ اٹھایا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے سامنے جب معاملہ اٹھایا گیا کہ ’آپ کے دو رکنی بنچ نے عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواست اس ہفتے مقرر کرنے کا آرڈر کیا تھا لیکن مقرر نہیں ہو سکی‘، اس پر اُنہوں نے جواب دیا کہ ’میں نے سزا معطلی کی درخواست پر سے اعتراضات دور کر دیئے تھے، مطلب یہ کہ میں نے تو اعتراض دور کر کے رجسٹرار آفس کو مقرر کرنے کی ہدایت کر دی تھی انہوں نے مقرر نہ کی ہوگی‘۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات