Live Updates

بھارت پہلے ہی رائونڈ میں ناک آوٹ، مودی زخم چاٹ رہا ہے،میاں زاہد حسین

پاکستان نے بھارت کے اربوں ڈالرکے اسلحے کو سکریپ بنا ڈالا،بھارت اور پاکستان مل کر دنیا کو امن اور سکون فراہم کر سکتے ہیں،نیشنل بزنس گروپ

بدھ 14 مئی 2025 16:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہاتھوں بھارت کواسکی تاریخ کی بدترین شکست دی جا چکی ہے۔ اربوں ڈالرکے بھارتی ہوائی جہاز، میزائل، ڈرون اور ڈیفنس سسٹم عجائب گھروں کی زینت بن رہے ہیں یا سکریپ میں بک رہے ہیں خطے میں نیو نارمل وجود میں آ چکا ہے مگرعلاقائی بالا دستی کے زعم اورفوجی برتری کے گھمنڈ میں مبتلا مودی ناک آوٹ ہونے کے بعد بھی اپنی روایتی چالاکی اور مکاری سے اپنے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہا ہے، بھارتی عوام اورمیڈیا میں ماتم اوردہلی کے ایوانوں میں شرمندگی اور خاموشی چھائی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کئی حلقوں میں امن اورثالثی کے عمل کوبھارت کوبچانے کی کوشش سمجھا جا رہا ہے لیکن جنوبی ایشیا کی بقاء اور سلامتی کا تقاضہ ہے کہ اب بھارت ہوش کے ناخن لے اور اس خطے میں اپنی چودھراہٹ اور برتری کے خواب دیکھنا چھوڑ دے اور پاکستان کے ساتھ با مقصد مذاکرات کرکے کشمیر، دہشت گردی، پانی سمیت تمام تنازعات کو افہام و تفہیم سے حل کرے۔

اس عمل سے بھارت اور پاکستان دونوں کو استحکام نصیب ہوگا اور اس خطے کے عوام کو سکھ کا سانس ملے گا اور یہ خطہ معاشی اور سیاسی لحاظ سے ترقی یافتہ ہو سکے گا جس میں ساری دنیا کا فائدہ ہے۔ حالیہ جنگ سے پہلے پاکستان نے پہلگام واقع کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کر کے دنیا کے سامنے اپنا سفارتی مقدمہ جیت لیا تھا اور اب جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کو چاہیے کہ وہ دنیا کو پیغام دے کہ پاکستان اور بھارت مل کر باہمی تعاون سے اس خطے سے دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کر سکتے ہیں اور دنیا کو ایک پائیدار امن فراہم کر سکتے ہیں اگر بھارت اس پیشکش کو ٹھکرائے گا تو دنیا کے سامنے اس کی بدنیتی ثابت ہو جائے گی اور اس کو دنیا کے دباؤ کا سامنا کرنا ہوگا۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو ایک کمزوراورمنتشرملک سمجھنے کی غلطی کی۔ اسے لگا کہ فوج اورعوام میں دوری ہے، سیاست بٹی ہوئی ہے اورقوم مایوس ہے۔ لیکن ایک لمحے میں ساری قوم ماسوائے چند بد نصیبوں کے سیسہ پلائی دیواربن کراپنی افواج کے پیچھے کھڑی ہوگئی۔ یہی یکجہتی ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوئی ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ 1965 میں بھی قومی یکجہتی کی وجہ سے ہمیں فتح نصیب ہوئی تھی لیکن اس کے بعد دشمن نے اپنی چالاکی سے ہمیں قومی یکجہتی سے محروم کر دیا جس کی وجہ سے 1971 میں ہمارا ملک دولخت ہو گیا ہمارا دشمن انتہائی مکار، چالاک اور بدباطن ہے، وہ پوری قوت سے دوبارہ وارکرسکتا ہے جس سے ہمیں چوکنا رہنا ہوگا۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ بھارت، اسرائیل کے ساتھ مل کر پاکستان کی فوج اور فضائیہ کے خلاف منصوبہ بندی کر سکتا ہے جس کے تحت بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں بدامنی، دہشتگردی اور فرقہ واریت کوہوا دی جائے گی اور فوجی جوانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جائے گا، دہشتگردوں کوجدید اسلحہ، فنڈز، ٹیکنالوجی اورمکمل لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جا سکتی ہے تاکہ وہ پاک فوج، حساس اداروں اورعوام پرحملے کریں اور ملک میں خوف وہراس پھیلائیں۔

میاں زاہد حسین نے حکومت اور عسکری قیادت کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اورعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ممکنہ سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی حکومت اور عسکری قیادت کے ساتھ سیسا پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹ کر کھڑے ہوں اور قومی یکجہتی کوثبوتاز کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیں۔ دشمن اس بارزیادہ زہریلا، منظم اورخطرناک ہوگا۔ ہمیں اپنے دفاع کوناقابلِ تسخیر بنانا ہوگا، فضائی، بری اور بحری حدود میں فولادی دیواربننا ہو گا۔ صرف وہ تلوارہی جیتتی ہے جونیام سے باہرہو۔ دشمن کی سازشوں کومات دینے کے لیے اتحاد، قربانی، ہوشیاری اورحب الوطنی ہی ہمارا اصل ہتھیارہے۔ یہ وقت چوکس رہنے کا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات