Live Updates

بہاری کمیونٹی دفاعِ پاکستان کیلئے دوبارہ ہراول دستہ بننے کوتیار

بھارتی جارحیت کے خلاف کامیاب آپریشن بنیان المرصوص پر افواجِ پاکستان اور قوم کو مبارکباد

بدھ 14 مئی 2025 17:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء) آل پاکستانی بہاری ایکشن کمیٹی کا ایک اہم و ہنگامی اجلاس بہار ویلفیئر فاو ٴنڈیشن کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا، جس میں تمام بہاری برادری کی سرکردہ قیادت نے شرکت کی۔اجلاس میں جن معزز رہنمائوں نے شرکت کی اجلاس میں چئیرمین محبانِ پاکستان فائونڈیشن جناب ممتاز حسین انصاری، بہاری یکجہتی کونسل کے جنرل سیکرٹری جناب سید یوسف امام، صدر بہار فائونڈیشن پاکستان آفتاب عالم، نائب صدر جاوید صدیقی، صدر بہار ویلفیئر فائونڈیشن سید طارق شعیب، نائب صدر مرشد رضا، بہاری کمیونٹی پاکستان کے محمد فخرالزماں اور چیئرمین اورنگی اتحاد کونسل حسنین شیخ سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بہار ویلفیئر فائونڈیشن کے چیئرمین سید طارق شعیب نے کہا کہ مشرقی پاکستان کو بچانے کے لیے 1971 میں بہاری کمیونٹی نے سر ھڑ، جان و مال، عزت و آبرو کی بازی لگادی تھی اور پاک افواج کے شانہ بشانہ بھارتی فوج اور اس کے آلہ کار مکتی باہنی کے غنڈوں سے نبرد آز ماء رہی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ آج بنگلہ دیش کے بنگالیوں کو احساس ہوگیا ہے کہ انہیں حقیقی آزادی 1971 میں نہیں ملی تھی، بنگلہ دیش کے عوام نے گزشتہ سال بھارت کی غلامی کا طوق اتارا ہے، اس موقع پر تقریب کے دیگر شرکاء نے بھارت کی جارحیت کے خلاف دشمنانِ پاکستان کو کامیاب آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے دندان شکن جواب دینے پر افواجِ پاکستان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور جذبہ حب الوطنی کا اعادہ کیا کہ بہاری برادری ماضی کی طرح آج بھی دفاعِ پاکستان اور تعمیرِ وطن کے عظیم مشن میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اجلاس میں کامیاب آپریشن بنیان المرصوص میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے افسران، جوانوںاور بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاء کی گئی۔ اجلاس میں بہاری کمیونٹی کی جانب سے حب الوطنی، قومی یکجہتی، افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات