پنجاب سے سینیٹ کی نشست کے لیے انتخابات 29مئی کو ہوں گے

مسلم لیگ (ن) نے حافظ عبدالکریم کو امیدوار نامزد کر دیا ،کاغذات نامزدی جمع کروانے کی ہدایت

بدھ 14 مئی 2025 21:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء) پنجاب سے سینیٹ کی نشست کے لیے انتخابات 29مئی کو ہوں گے،مسلم لیگ (ن) نے ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہل حدیث حافظ عبدالکریم کو امیدوار نامزد کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے حافظ عبدالکریم کو کاغذات نامزدی جمع کروانے کی ہدایت کر دی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹ کی نشست مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے پروفیسر ساجد میر کے فرزند احمد میر کو سینٹ نشست کی پیشکش کی، جس سے انہوں نے معذرت کر لی ۔ احمد میرکا کہنا تھا کہ سینٹ کی نشست پروفیسر ساجد میر کی ذاتی نہیں، جماعت کی تھی۔حافظ عبدالکریم سینیٹ نشست کے لیے بہترین امیدوار ہیں۔