Live Updates

میں خود گواہ ہوں کہ آرمی چیف نے بڑی دلیری اور دانشمندی سے جنگ کی منصوبہ بندی کی

دشمن تعداد میں کئی گنا بڑا اور اربوں ڈالر کا جنگی سازوسامان خریدا، لیکن ہمارے جوانوں نے دشمن کے دانت توڑ دیئے اور غرور خاک میں ملا دیا، وزیراعظم شہبازشریف کا سیالکوٹ کینٹ کا دورہ اور خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 14 مئی 2025 21:11

میں خود گواہ ہوں کہ آرمی چیف نے بڑی دلیری اور دانشمندی سے جنگ کی منصوبہ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 14 مئی 2025ء ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ میں خود گواہ ہوں کہ آرمی چیف نے بڑی دلیری اور دانشمندی سے جنگ کی منصوبہ بندی کی، دشمن تعداد میں کئی گنا بڑا اور اربوں ڈالر کا جنگی سازوسامان خریدا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے آرمی چیف سید جنرل عاصم منیر اور ایئرچیف ظہیر احمد بابر، وزراء اور افسران کے ہمراہ پسرورسیالکوٹ کینٹ کا دورہ کیا، جہاں پر وزیراعظم شہبازشریف نے افواج پاکستان کے افسروں اورجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان کو دشمن کے خلاف عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی رہتی دنیا تک تاریخ کے سنہری باب کا حصہ بن چکی ہے۔

جس طرح افواج پاکستان نے 24کروڑ عوام اور پاکستان کا وقار بڑھایا اس کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

اتنی اعلیٰ عسکری مہارت جرات مندی سے مقابلہ کیا۔ دشمن ہم سے تعداد میں کئی گنا بڑا ہے، وہ ناز کرتا تھا کہ اربوں ڈالر کا جنگی سازوسامان خریدا ہے دشمن کو غرور تھا لیکن ہمارے جوانوں نے دشمن کے دانت توڑ دیئے اور غرور خاک میں ملا دیا۔کورکمانڈر نے بتایا کہ ایک چوکی تھی وہاں آپ نے کس طرح دفاع کیا، دشمن کو ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھنے دیا۔

ہمارے شاہیوں نے دشمن کے جہازوں کو برباد کیا اور جوانوں نے دشمن کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا ہے۔ہندوستان سمجھتا تھا کہ دشمن روائتی جنگوں میں ہم سے بہت پیچھے رہ گیا ہے، لیکن اللہ کے کرم سے روائتی جنگ میں بھی کامیابی حاصل کی گئی۔ شہبازشریف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دلیری اور دانشمندی سے جنگ کی منصوبہ بندی کی اس کا میں ذاتی طور پر گواہ ہوں۔ کیونکہ ان دنوں میں میر ی ان سے ٹیلیفون پر اور براہ راست ملاقات ہوتی تھی، مجھے ان پر فخر ہے، یہ قوم کے بیٹے ہیں، اسی طرح ایئر چیف نے مجھے بتایا کہ وہ کون سی ٹیکنالوجی لے کر آئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات