Live Updates

صدر مملکت کا کمائنڈ ملٹری ہسپتال راولپنڈی کا دورہ ، پاک فوج کے زخمی جوانوں و شہریوں کی عیادت کی

آصف علی زرداری نے زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی بہادری، قربانی و حب الوطنی کو سراہا، ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے پوری قوم اپنے سپاہیوں اور شہریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، صدر مملکت کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 15 مئی 2025 11:10

صدر مملکت کا کمائنڈ ملٹری ہسپتال راولپنڈی کا دورہ ، پاک فوج کے زخمی ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 مئی 2025)صدر مملکت نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا ، آصف علی زرداری نے بھارت کے بلااشتعال حملوں میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے جوانوں اور متاثرہ شہریوں کی عیادت کی، وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، کمانڈر 10 کور اور ہسپتال کی انتظامیہ بھی ہمراہ تھی، صدر مملکت نے زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی بہادری، قربانی اور حب الوطنی کو سراہا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے ہسپتال کے ڈاکٹروں، طبی عملے، نرسنگ سٹاف اور انتظامیہ کا زخمیوں کی دیکھ بھال پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

(جاری ہے)

پوری قوم کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے متحد، پرعزم اور ہوشیار ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے۔ پوری قوم، اپنے سپاہیوں اور شہریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستانی قوم نے دشمن کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے مزیدکہا کہ بھارت کا رویہ جارحانہ، شدت پسندانہ اور علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے۔

ہندوتوا نظریے سے پورے خطے کی سلامتی کو شدید خطرات ہیں۔ مودی حکومت پاکستان کے خلاف جارحیت کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے معرکہ حق،آپریشن بنیان مرصوص کے دوران زخمی ہونے والے فوجیوں اور معصوم شہریوں کی عیادت کی تھی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے زخمی جوانوں سے ملاقات کی، غیر معمولی بہادری اور فرائض کی انجام دہی کیلئے ثابت قدمی کی تعریف کی تھی۔آرمی چیف نے زخمیوں کی مسلسل دیکھ بھال، بحالی اور بہبود کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہریوں اور فوجیوں کی بہادری اور قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی بنیاد تھی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کایہ بھی کہنا تھا کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ پر عزم یکجہتی کے ساتھ کھڑی تھی۔دشمن کا کوئی بھی منصوبہ پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو ختم نہیں کر سکتاتھا۔ معرکہ حق کے دوران پاکستانی عوام نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیاتھا۔ پاکستانیوں کا پرعزم ردعمل کا مظاہرہ عسکری تاریخ کا ایک اہم باب تھا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات