اسرائیل کی جنوبی لبنان میں امن مشن پر براہِ راست فائرنگ،اقوامِ متحدہ کا اظہار تشویش

جمعرات 15 مئی 2025 13:58

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)اقوامِ متحدہ کی عارضی امن فورس برائے لبنان (یونیفیل)نے ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں اس کے ایک امن مشن کے قریب واقع علاقے کو اسرائیل کی جانب سے براہِ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق یونیفیل کے جاری کردہ بیان میں کہاگیاکہ یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا جو کہ اسرائیل اور ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے درمیان نومبر 2024 میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے بعد پہلا ایسا حملہ ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یونیفیل کو اسرائیلی فوج کے حالیہ معاندانہ رویے پر شدید تشویش ہے۔مزید کہا گیا کہ یہ حملہ جنوبی لبنان کے علاقے کفر شعبا کے قریب واقع یونیفیل کی ایک چوکی کے آس پاس کیا گیا، جو کہ بلیو لائن کے قریب واقع ہے۔ یہ واقعہ یونیفیل کے عملے اور ان کے املاک کو براہ راست خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔