Live Updates

میں نے کبھی عمران خان کی بات کا کسی سے ذکر نہیں کیا، بیرسٹر گوہر کا انصار عباسی کی خبر پر ردعمل

عمران خان کبھی ڈیل نہیں کریں گے، وہ ڈیل کیوں کریں؟ وہ اسی لیے جیل میں ہیں کہ وہ ڈیل نہیں کررہے، ہم چاہتے ہیں سیاسی مسائل سیاسی طریقے سے حل ہونے چاہئیں؛ چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 15 مئی 2025 12:37

میں نے کبھی عمران خان کی بات کا کسی سے ذکر نہیں کیا، بیرسٹر گوہر کا انصار ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے صحافی انصار عباسی کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کبھی عمران خان کی بات کا باہر کسی سے ذکر نہیں کیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ہونے والی بات چیت خفیہ ہے، اس حوالے سے ہماری کور کمیٹی کی میٹنگ بھی نہیں ہوئی، یہ بات واضح ہوگی یا عمران خان کی ہدایت معلوم ہوں گی تاکہ بات کرسکیں گے، بانی پی ٹی آئی نے اگر مذاکرات کی ہدایت کی تو مذاکرات ہوں گے، تاہم عمران خان کبھی ڈیل نہیں کریں گے، وہ ڈیل کیوں کریں گے؟ وہ اسی لیے تو جیل میں ہیں کہ وہ ڈیل نہیں کررہے، ہم چاہتے ہیں سیاسی مسائل سیاسی طریقے سے حل ہونے چاہئیں، موجودہ حالات میں ہم نے بتایا کہ ہم پاکستان کے لیے متحد ہیں لیکن میں عمران خان کے ساتھ کسی بھی قسم کی ڈیل کی تردید کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سینئر صحافی انصار عباسی نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی حالیہ پیشکش کے بعد حکومت کے ساتھ بات چیت پر آمادگی ظاہرکردی ہے، عمران خان نے پیر کے روز اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے آئے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو مذاکرات کی اجازت دیدی، بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ٹی وی کیمروں سے دور ہوں تاکہ بامعنی نتائج کویقینی بنایاجا سکے، پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی ذرائع نے بتایا کہ پارٹی اب باضابطہ طور پر حکومت سے بات چیت آگے بڑھانے کیلئے رجوع کرے گی، عمران خان چاہتے ہیں کہ مذاکرات کو ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل ہو، بانی پی ٹی آئی اس عمل کو آسان بنانے کی خاطر اسٹیبلشمنٹ کے نمائندے سے ملاقات کیلئے بھی تیار ہیں۔

صحافی انصار عباسی کہتے ہیں کہ یہ اہم سیاسی پیشرفت وزیر اعظم شہباز شریف کے قومی اسمبلی سے حالیہ خطاب کے بعد سامنے آئی، وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو قومی مذاکرات میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعظم کی تجویز کا خیر مقدم کیا تھا تاہم پارٹی حلقوں نے واضح کیا تھا کہ عمران خان کی واضح رضامندی کے بغیر کوئی پیشرفت نہیں ہوسکتی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات