Live Updates

پاکستان کے ایٹمی ہتھیار پوری دنیا کیلئے خطرہ ہیں، انہیں تحویل میں لینا چاہیئے، بھارتی وزیردفاع کا مطالبہ

پوری دنیا نے دیکھا ہے کہ کیسے بھارت کو ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق دھمکیاں دی گئیں، میں دنیا سے پوچھنا چاہتا ہوں کیا پاکستان جیسی غیرذمہ دار قوم کے ہاتھ موجود ایٹمی ہتھیار محفوظ ہیں؟ تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 15 مئی 2025 13:11

پاکستان کے ایٹمی ہتھیار پوری دنیا کیلئے خطرہ ہیں، انہیں تحویل میں لینا ..
سرینگر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2025ء ) بھارت کے وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں فوری طور پر انٹرنیشنل اٹامک انرجی کمیشن کی تحویل میں لینا چاہیئے کیوں کہ پاکستان کے ایٹمی ہتھیار پوری دنیا کے لئے خطرہ ہیں، ایک روگ نیشن کے ہاتھ یہ ہتھیار محفوظ نہیں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بادامی باغ کنٹونمنٹ میں بھارتی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں دنیا سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا پاکستان جیسی غیرذمہ دار قوم کے ہاتھوں میں موجود ایٹمی ہتھیار محفوظ ہیں؟ میرا ماننا ہے کہ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی میں لیا جانا چاہیئے کیوں کہ پوری دنیا نے دیکھا ہے کہ کیسے پاکستان کی جانب سے بھارت کو ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق دھمکیاں دی گئیں۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر دفاع کا مزید کہنا ہے کہ میرے دورہ کشمیر کا مقصد کشمیری عوام اور یہاں تعینات فوجیوں کا شکریہ ادا کرنا ہے کیوں کہ جس طرح کا ردعمل انہوں نے پہلگام حملے کے بعد دیا وہ قابل تحسین ہے، اس دورے کے آغاز پر مجھے انڈین فوج کی جانب سے شیل، گولوں اور میزائل کے ٹکڑے بھی دکھائے گئے جو پاکستان کی جانب سے فائر کیے گئے تھے۔ دوسری طرف بھارتی فوج کے ریٹائرڈ جنرل پی آر شنکر کی جانب سے اعتراف کیا گیا ہے کہ پاکستانی جنگ میں واقعی ماہر ہیں ان سے لڑنا آسان نہیں، اب پتا چل گیا ہے کہ ہمارے پاس کیا ہے اور کیا کمزوریاں ہیں، جنگ ایک دو طرفہ عمل ہے، بھارت نے چینی ہتھیاروں کے خلاف پاکستان سے لڑائی کی جو انہیں چینیوں سے بہتر چلاتے ہیں اور یہ بات نظرانداز نہیں کی جا سکتی، چینی جنگی میدان میں اپنے ہتھیار مؤثر طریقے سے نہیں چلا سکتے اور اسی لیے میں چینیوں کے مقابلے پاکستانیوں سے لڑنے سے گریز کروں گا کیوں کہ پاکستانی جنگ میں واقعی ماہر ہیں۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات