Live Updates

پاکستان کی کسی ایٹمی تنصیب پر کوئی حملہ نہیں ہوا،انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے بھارتی بے بنیاد پروپیگنڈہ مسترد کر دیا

پاکستان کے تمام ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں اور تابکاری کے اخراج سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بھی مکمل طور پر بے بنیاد ہیں، آئی اے ای اے نے پاکستان کی تمام ایٹمی سائٹس کو محفوظ قرار دیتے ہوئے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کر دیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 15 مئی 2025 14:25

پاکستان کی کسی ایٹمی تنصیب پر کوئی حملہ نہیں ہوا،انٹرنیشنل اٹامک انرجی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 مئی 2025)پاکستان کی کسی ایٹمی تنصیب پر کوئی حملہ نہیں ہوا، انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے بھارت بے بنیاد پروپیگنڈہ مسترد کر دیا، بین الااقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے پاکستان کی تمام ایٹمی سائٹس کو محفوظ قرار دیتے ہوئے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کر دیا، آئی اے ای اے کے ترجمان نے بھارتی اخبارانڈین ایکسپریس کو دئیے گئے بیان میں واضح کیا کہ پاکستان کے تمام ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں اور تابکاری کے اخراج سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بھی مکمل طور پر بے بنیاد ہیں، آئی اے ای اے نے کہا ہے کہ بھارت کے حملوں کے دوران پاکستان کی تمام ایٹمی تنصیبات محفوظ رہیں۔

پاکستان کی جوہری تنصیبات سے کوئی تابکاری خارج نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جوہری تنصیبات بین الاقوامی معیار کے مطابق محفوظ ہیں اور کسی بھی قسم کا خطرہ لاحق نہیں۔انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ترجمان کی وضاحت کے بعد بھارت کی جانب سے پھیلائی گئی جھوٹی اطلاعات ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ہیں۔عوام کی توجہ ناکامیوں سے ہٹانے کیلئے مودی حکومت نے پاکستان کی جوہری تنصیبات کونقصان پہنچنے کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا لیکن آئی اے ای اے کی وضاحت کے بعد بھارت کے اس غبارے سے بھی ہوا نکل گئی۔

حالیہ دنوں میں بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کی ایٹمی تنصیبات پر حملے اور تابکاری اخراج کے جھوٹے دعوے کئے گئے تھے جنہیں عالمی سطح پر مسترد کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت کی جانب سے پاکستان کی جوہری تنصیبات پر حملے کا دعویٰ کیا گیا تھا جسے پاکستان نے مسترد کر دیا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا گیا تھا۔

پاکستان کی مسلح افواج نے قوم سے کیا ہوا وعدہ نبھایا تھاجس پر ہم اللہ کے شکر گزار ہیں جب کہ پاکستان نے سیز فائر کی کوئی درخواست نہیں کی تھی جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی۔ترجمان پاک فوج لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاکستان ایئرفورس اور پاکستان نیوی کے افسران کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق اہم بریفنگ دی تھی۔

ترجمان پاک فوج نے قوم کو آپریشن بنیان مرصوص کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھاکہ مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جس میں تینوں افواج کی مکمل ہم آہنگی کے ساتھ حقیقت وقت پر صورتحال کی آگاہی، نیٹ ورک سینٹرک وار فیئر اور ملٹی ڈومین آپریشنز کی مکمل صلاحیت بروئے کار لائی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ زمین، فضا، سمندر اور سائبر اسپیس میں مکمل ہم آہنگی سے اہم اہداف کو تباہ کیا گیا اور پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والے بھارت کے 26 اہم ملٹری ٹارگٹس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

وہ تنصیبات جو پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ میں استعمال ہوتی تھیں ان تنصیبات کو نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بلکہ بھارت کے اندر بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔نشانہ بنانے والے مقامات میں سورت گڑھ ، سرسہ، بجھ، آدم پور، اونتی پورہ، اودھم پور، نالیہ، برنالا، بٹھنڈہ، الواڑا، سری نگر، جموں، مامون، امبالا اور پٹھان کورٹ شامل تھے، بیاس اور نگروٹا میں موجود براہموس میزائل کے ذخائر جو پاکستانی شہریوں پر حملوں میں استعمال ہوئے ان کو تباہ کیا گیا تھا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات