Live Updates

خطے میں امن و استحکام کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیرہے، کل جماعتی حریت کانفرنس

جمعرات 15 مئی 2025 16:56

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی سربراہی میں قائم بی جے پی کی بھارتی حکومت کے فرقہ وارانہ ایجنڈے نے جنوبی ایشیاکے امن کو یرغمال بنا رکھا ہے اور کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ حریت کانفرنس نے واضح کیا کہ خطے میں امن اور سیاسی و اقتصادی استحکام کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کشمیریوں کے حقیقی فورم حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیر مکمل طور پر ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے فوجی طاقت سے نہیں بلکہ ایک دیرپا اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے امریکی صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو سراہتے ہوئے بھارت اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ اس پیشکش سے فائدہ اٹھائیں اور خطے کے بہترین مفاد کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیر کے بنیادی مسئلے کو ہمیشہ کے لیے حل کریں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظالم کا سلسلہ بند ، حریت قیادت سمیت تمام سیاسی نظربندں کو رہا کرے اور علاقے سے فوجی انخلا کر کے تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے پاکستان او حقیقی کشمیر ی قیادت سے بات چیت کا آغاز کرے ۔ دریں اثنا پہلگام فالس فلیگ آپریشن اور اسکی آڑ میں پاکستان پر بھارتی جارحیت اور بچوں سمیت بیگناہ شہریوں کے بہیمانہ قتل پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے پسے ہوئے لوگوں نے بھی بھر پور آواز اٹھائی ہے اور بی جے پی ، آرایس ایس کے جارحانہ عزائم کو بے نقاب کر دیا ہے۔

مقبوضہ علاقے کے رہائشیوں نے پہلگام میں پیش آنے والے واقعے پر کئی طرح کے سوالات کھڑے کیے اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اپنی بات چیت کے دوران اور سوشل میڈیا پر اپنی آرا ءکے ذریعے مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت کی جارحانہ اور پاکستان مخالف سیاست کو بے نقاب کیا۔مودی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعدمقبوضہ علاقے میں جبر وستم کی انتہا کی اور بے انتہا ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے لوگوںکو خاموش رہنے پر مجبور کیا۔

مودی حکومت بندوق کی نوک پر قائم کی جانے والی خاموشی کوامن کا نام دے رہی ہے تاہم پہلگام ڈرامے پر لوگوں نے کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا ۔انہوں نے اس حوالے سے بھارتی میڈیا کے جھوٹے بیانیے کا بھی پول کھول دیا ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات