Live Updates

خطے میں قیام امن کے لئے امریکہ کی کوششیں بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بروقت مداخلت سے جنوبی ایشیاء ایک بڑے سانحہ سے بچ گیا ، صدر آزاد جموں وکشمیر

جمعرات 15 مئی 2025 17:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کے لئے امریکہ کی کوششیں بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بروقت مداخلت سے جنوبی ایشیاء ایک بڑے سانحہ سے بچ گیا ہے۔ ہم کشمیری جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کے لئے کوششوں کو سراہتے ہیں وہاں اُن کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر انڈیا اور پاکستان کو ثالثی کی پیشکش کی ہے اور ہم اُن کی اس پیشکش کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتے ہیں۔

بھارت بوکھلاہٹ میں کسی بھی حد تک جا سکتا ہے لہذا یہ سیز فائر مستقل ہوناچاہیے تاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک ایٹمی جنگ سے بچا جا سکے۔ لہذا امریکہ بھارت پر زور دے اور امریکہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور خطے میں امن کے قیام اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی کوششیں تیز کرے۔

(جاری ہے)

کیونکہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں پاکستان میں امریکن سفارتخانے کے پولیٹیکل قونصلر زیچرے ہرکنرائیڈر(Mr. Zachary Harkenrider) سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پرامریکن سفارتخانے کے پولیٹیکل قونصلر زیچرے ہرکنرائیڈر(Mr. Zachary Harkenrider) کے ہمراہ امریکن ایمبیسی کی عہدیدارمس الزبتھ بینین (Ms. Elizabeth Bennion) بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکن ایمبیسی کے اعلیٰ عہدیداران کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت اس وقت بوکھلاہٹ میں کوئی بھی غیر سنجیدہ حرکت کر سکتا ہے کیونکہ پاکستان او ربھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

لہذا امریکہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کسی بھی انتہائی اقدام سے باز رہے۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ حل طلب مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے اور ہم اُن کی اس پیشکش پر تہہ دل سے مشکور ہیں۔ ہم امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو (Marco Rubio) کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بھی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کیا۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ امریکہ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرے اور اس سلسلے میں کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا رول ادا کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات