نیشنل سکلز یونیورسٹی میں طلباء کی تعلیمی و ہم نصابی کامیابیوں کی پروقار تقریب کا انعقاد

جمعرات 15 مئی 2025 17:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) نیشنل سکلز یونیورسٹی (این ایس یو )اسلام آباد نے تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے المختار آڈیٹوریم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی اسلام آباد ایئر مارشل (ر) عبدالمعید خان نے صدارت کی۔

انہوں نے این ایس یو کی انتظامیہ، اساتذہ اور خصوصاً شعبہ انفارمیشن انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے طلباء کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ علمی ترقی کے ساتھ ساتھ اخلاقی و روحانی اقدار کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ایئر مارشل (ر) عبدالمعید خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل سکلز یونیورسٹی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں جو پیشرفت کی ہے، وہ انتہائی قابلِ فخر ہے، یہاں کے طلباء صرف ٹیکنالوجی میں ہی نہیں بلکہ اخلاقی و قومی اقدار میں بھی نمایاں ہیں جو ہمارے قومی تشخص کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

شعبہ انفارمیشن انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے طلباء نے نمل لاجک 2025 کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یہ قومی سطح کا معروف پروگرامنگ مقابلہ ہر سال نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے زیرِ اہتمام منعقد ہوتا ہے جس میں ملک بھر سے اعلیٰ تعلیمی ادارے شریک ہوتے ہیں۔ اس مقابلے میں طلباء کو محدود وقت میں پیچیدہ پروگرامنگ مسائل کو سی، سی پلس پلس، سی شارپ اور جاوا جیسی زبانوں میں حل کرنا ہوتا ہے۔

این ایس یو نے مسلسل دوسرے سال یہ اعزاز حاصل کر کے ثابت کیا کہ ادارہ علمی معیار کے میدان میں ملک کے بہترین اداروں میں شامل ہو چکا ہے۔تقریب میں قرآنی تعلیمات میں بھی طلباء کی دلچسپی اور کامیابی کو اجاگر کیا گیا جہاں ایک طالب علم نے قومی قرأت مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس کامیابی نے واضح کیا کہ نیشنل سکلز یونیورسٹی نہ صرف ٹیکنالوجی بلکہ روحانیت اور اخلاقیات کے میدان میں بھی طلباء کی ہمہ جہت تربیت پر یقین رکھتی ہے۔

این ایس یو کے بانی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے ان کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم صرف تکنیکی ماہرین پیدا کرنے کا مقصد نہیں رکھتے بلکہ ہم ایسا تعلیمی ماحول فراہم کرتے ہیں جو طالبعلموں کے اندر اخلاقی و روحانی بصیرت بھی پیدا کرے، یہ کامیابیاں ہمارے مشن کی تصدیق کرتی ہیں کہ ہم کردار ساز اور باصلاحیت نوجوان تیار کر رہے ہیں۔

ایئر مارشل (ر) عبدالمعید خان نے کہا کہ معیارِ تعلیم تب ہی حاصل ہوتا ہے جب اساتذہ مخلص ہوں اور تعلیمی ماحول مضبوط ہو، این ایس یو کے طلباء کی کارکردگی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ یہاں نہ صرف جدید تعلیم دی جا رہی ہے بلکہ طلباء کی فکری و اخلاقی نشوونما پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ تقریب کے دوران طلباء کے قومی جذبے کا خوبصورت مظاہرہ بھی دیکھنے کو ملا۔

مہمانِ خصوصی کے استقبال کے لئے رنگ برنگے غبارے فضا میں چھوڑے گئے اور "پاک فوج زندہ باد"، "پاکستان ایئرفورس زندہ باد"، "پاک بحریہ زندہ باد"کے نعرے بلند کئے گئے ۔یہ نعرے نوجوانوں کے دل میں وطن سے محبت اور دفاعی اداروں سے وابستگی کا ثبوت تھے جنہوں نے حاضرین کے دلوں میں حب الوطنی کا جذبہ جگا دیا۔تقریب کے بعد مہمانِ خصوصی کو یونیورسٹی کی گذشتہ پانچ سالہ ترقی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے ادارے کی حیرت انگیز ترقی کو سراہا اور کہا کہ یہ دیکھ کر دلی خوشی ہوئی کہ یہ ادارہ جس کا آغاز انتہائی محدود وسائل سے ہوا آج ایک بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی بن چکا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ایئر مارشل (ر)عبدالمعید خان نے طلباء کو ایک بار پھر مبارکباد دی اور ان پر زور دیا کہ وہ تعلیمی و اخلاقی میدان میں اسی لگن سے آگے بڑھتے رہیں، آپ ہی اس ملک کا روشن مستقبل ہیں، آپ کی کامیابیاں اس قوم کی امید اور ترقی کی ضمانت ہیں، خدا آپ کو ہمیشہ کامیاب کرے۔