Live Updates

پشاور، پی پی پی نے کوہستان میگا کرپشن کے خلاف نیب میں درخواست دائر کردی

بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں میں صرف ملازمین شامل نہیں بلکہ اس میں صوبے کی اعلیٰ قیادت بھی شامل ہے، ترجمان پی پی پی

جمعرات 15 مئی 2025 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا نے کوہستان میں میگا کرپشن کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) میں درخواست دائر کردی۔پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے ترجمان گوہر انقلابی نے بتایا کہ پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری شازی خان نے میگا کرپشن کے خلا ف نیب میں درخواست دائر کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوسروں پر الزام تراشی اورکرپشن کے الزامات لگانے والے سرٹیفائیڈ چور نکلے، خود کو ریاست مدینہ کے دعویدار کہنے والوں نے 2020 سے 2024 تک صرف ایک محکمے میں 40 ارب روپے کی کرپشن کی ہے۔گوہر انقلابی کا کہنا تھا کہ ایک ڈمپر ڈرائیور کے نا م پر فرضی کنسٹرکشن کمپنی بنا کر ان کے اکاؤنٹ میں 40 ارب روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی، بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں میں صرف ملازمین شامل نہیں بلکہ اس میں صوبے کی اعلیٰ قیادت بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا مطالبہ کرتی ہے کہ ان کے نام بھی عوام کے سامنے لائے جائیں کیونکہ یہ جو پارسا بنے ہوئے ہیں یہ سر تاپا کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ترجمان پی پی پی خیبرپختونخوا نے کہا کہ تاریخ کی بدترین مثال قائم کرنے پر صوبائی حکومت کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات