Live Updates

پوری قوم متحد اور اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، آئندہ کوئی بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے،محمد علی رندھاوا

جمعرات 15 مئی 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ پوری قوم متحد اور اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دشمن کے ناپاک ارادوں کو نہ صرف خاک میں ملایا تاکہ آئندہ کوئی بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے۔جمعرات کو سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام شہداء بنیان مرصوص کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سی ڈی اے کے ممبران سمیت سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری، عہدیداران اور سی ڈی اے ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ جب بھی پاکستانی قوم پر کوئی مشکل وقت آتا ہے تو پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح مضبوط اور متحد ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوئی جسکی وجہ سے دشمن کے ناپاک ارادے خاک میں ملا دئیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے جو اپنی مسلح افواج کے ساتھ پاک سرزمین کی حفاظت کیلئے آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے اپنی بہادری، جرات اور فتح کے ساتھ پوری پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ہمارے آپس میں اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن جب اس دھرتی ماں کی عزت کی بات آتی ہے تو ہم سب یکجا اور یک زبان ہیں ۔انہوں نے کہا کل(جمعہ) پورے پاکستان میں یوم تشکر منایا جارہا ہے۔ الحمداللہ افواج پاکستان اور پوری قوم نے ملکر اپنے سے بڑے دشمن کو نیست و نابود کیا۔ اس تمام آپریشن میں اللّٰہ تعالیٰ کی خاص رحمت ہمارے شامل حال رہی جس میں ملک بھر کے ہر فرد کی دعائیں شامل تھیں۔

سی ڈی اے سمیت تمام اداروں خصوصاً لاء انفورسمنٹ ایجنسیز نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز کے کامیاب دفاع میں اپنا قومی فرض احسن طریقے سے نبھایا جسکے لئے ہم اللّٰہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سجدہ بشکر بجا لاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے پیارے وطن پاکستان کی سلامتی، عزت اور وقار پر آئندہ بھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سلام پیش کرتے ہیں اپنے ان شہداء کو جنہوں نے راہ حق میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ وطن عزیز کی حفاظت کرتے ہوئے پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتا ہے جو اس جنگ میں سرخرو ہوکر آئے ہیں وہ غازی ہیں کیونکہ اس دھرتی ماں کی مٹی کی حفاظت ہم سب پر قرض ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ جو کوئی بھی ملک کو میلی آنکھ سے دیکھے گا ہم اسکی میلی آنکھ کو نکال دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل(جمعہ) پورے پاکستان میں یوم تشکر منایا جارہا ہے اس سلسلے میں کل ایف نائن پارک اور پاکستان مونومنٹ جاکر شہداء کو خراج تحسین پیش کریں گے اور پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرائیں گے۔

ہم اپنی نئی نسل کو بتائیں کہ پاکستان ہم نے کتنی قربانیوں سے حاصل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بتائیں کہ پاکستان جب حاصل کیا گیا تو اسکے لئے کتنی قربانیاں دی گئیں۔ جمعہ کے مبارک دن کے موقع پر ہمیں ویسے بھی اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ بسجود ہونے کے علاوہ شکر ادا کرنا چائیے اور اپنی افواج پاکستان کی شاندار فتح پر اظہار تشکر کیا جائے گا ۔

ہماری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمارا تن، من، دھن اپنے وطن کی خاطر قربان ہو۔ ہم اپنی افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور جب بھی ضرورت پڑی تو کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور دشمن کو پہلے سے بھی زیادہ مؤثر انداز میں شکست دیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہداء اور افواج پاکستان کے افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی شاندار صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور اپنی دفاعی برتری ثابت کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہوچکی ہے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے، پوری قوم اپنی سرزمین، نظریے اور وقار کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص پہلے دن ہی مکمل ہوگیا تھا اور ساتھ ہی مودی کا خواب بھی چکنا چور ہوگیا، ہماری افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے جس پر ہم اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر شہداء پاکستان اور سی ڈی اے کےوفات پانےوالے ملازمین کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات