Live Updates

وزیراعلیٰ سندھ کی "معرکۂ حق" ریلی میں شرکت، سندھ سیکریٹریٹ میں پرچم کشائی کی

جمعہ 16 مئی 2025 10:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے "معرکۂ حق" ریلی میں شرکت کی اور سندھ سیکریٹریٹ میں پرچم کشائی کی،تقریب کا انعقاد نیو سیکریٹریٹ کے آنگن میں کیا گیا۔ ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق پرچم کشائی کی تقریب میں صوبائی وزرا ، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری و دیگر افسران نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران قومی ترانہ بجایا گیا۔اس موقع پر "پاکستان زندہ باد" اور "کشمیر بنے گا پاکستان" کے فلک شگاف نعرے بھی گونج اٹھے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تقریب پاکستان کی فتح اور قومی اتحاد کے عزم کی عکاسی ہے۔ مادرِ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا اولین فریضہ ہے ۔ہمارے جوانوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

(جاری ہے)

قوم کو اپنے سپوتوں پر فخر ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔قوم کا جذبۂ حب الوطنی قابلِ تقلید ہے۔ وطن کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ قوم دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ سندھ کے نوجوان ملکی دفاع میں ہر اول دستہ ہیں۔ہمیں دشمن کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے ۔ پوری قوم متحد ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وطن کی خاطرجان قربان کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات