Live Updates

راولپنڈی تعلیمی بورڈ میں یوم تشکر کی شاندار تقریب،افواج پاکستان کو خراج تحسین

جمعہ 16 مئی 2025 15:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی جرات مندانہ حکمت عملی اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی میں یوم تشکر بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر ایک ریلی نکالی گئی اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد عدنان خان، کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان، سیکرٹری بورڈ پروفیسر امجد اقبال خٹک، دیگر افسران و ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کی قیادت چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان نے کی ۔ انہوں نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان نے جس بہادری، حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لئے باعث فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر یہ ثابت کر دیا کہ وہ دنیا کی عظیم ترین افواج میں شمار ہوتی ہیں۔

کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی تنویر اصغر اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حب الوطنی، جوش وجذبہ اور قربانی کا جذبہ پوری قوم میں موجود ہے اور افواج پاکستان سیسہ پلائی دیوار کی طرح ملک کے دفاع میں مصروف عمل ہیں۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بورڈ پروفیسر امجد اقبال خٹک نے کہا کہ قوم اپنے محافظوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ دشمن قوتوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے پوری قوم کو اپنی افواج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔آخر میں تقریب میں شریک تمام شرکا نے وطن سے محبت اور افواج پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کے ساتھ یہ عہد کیا کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات