Live Updates

الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام صحافیوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے لیے ایک ورکشاپ کا انعقاد

جمعہ 16 مئی 2025 16:09

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام جمعہ کے روز پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں صحافیوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے لیے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد ووٹر آگاہی اور شہری شراکت کو فروغ دینا تھا۔ اس سیشن میں میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کی تنظیموں (سی ایس اوز) کو ایک ساتھ جمع کیا گیا تاکہ الیکشن کمیشن کی خصوصی اقدامات اور حکمت عملیوں پر بات چیت کی جا سکے، خاص طور پر محروم طبقات کو بااختیار بنایا جا سکے۔

صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا، کے دفتر کے ڈائریکٹر الیکشنز محمد ندیم خان نے ورکشاپ کا افتتاح کیا اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شرکاء کو الیکشن کمیشن کے خصوصی اقدامات سے آگاہی حاصل ہو گی، خصوصاً ان اسٹیک ہولڈرز کے لیے جو محرومی کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن بلا امتیاز ووٹر رجسٹریشن اور انتخابی عمل میں ووٹرز کی شمولیت بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس ورکشاپ کا مقصد شہریوں کو ووٹ کے حق کے استعمال اور جمہوری عمل میں شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ الیکشن کمیشن، میڈیا، اور سول سوسائٹی کے درمیان شراکت داری کو فروغ دے گی تاکہ ووٹر آگاہی اور شہری شراکت کو بہتر بنایا جا سکے۔ محمد ندیم خان نے مزید کہا کہ میڈیا اور سول سوسائٹی سے روابط کے ذریعے الیکشن کمیشن ایک باخبر اور متحرک شہری معاشرہ تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہے، جو کہ پاکستان کی جمہوریت کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

ڈائریکٹر میڈیا کوآرڈینیشن (ایم سی او ) سیکریٹریٹ ای سی پی ، درّیہ عامر، ڈائریکٹر (الیکشنز) محمد ندیم خان، اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایم سی او ، سہیل احمد نے مختلف سیشنز میں شرکت کی اور "ووٹ کی رجسٹریشن کی اہمیت اور اس کا پاکستان کے جمہوری مستقبل کی تشکیل میں کردار، نیز خواتین، نوجوانوں، اور معذور افراد سمیت محروم طبقات کو جمہوری عمل میں شمولیت کے لیے بااختیار بنانے" جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات