Live Updates

راولپنڈی میں معرکہ حق بنیان مرصوص/ یوم تشکر کی تقریبات ،اراکین قومی اسمبلی و سینٹ ،پولیس و ضلعی انتظامیہ کےاعلیٰ افسران کی شرکت

جمعہ 16 مئی 2025 17:49

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) معرکہ حق بنیان مرصوص/ یوم تشکر کے موقع پر راولپنڈی میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ دن کا آغاز قرآن خوانی اور دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی تقریب گورنمنٹ وقار النسا کالج راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ایم این اے طاہرہ اورنگزیب، ایم این اے دانیال چوہدری، سینیٹر ناصر بٹ سمیت اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب نے شرکت کی۔

کمشنر راولپنڈی عامر خٹک، آر پی او بابر سرفراز الپا، ڈی سی راولپنڈی حسن وقار چیمہ سمیت انتظامی افسران نے شرکت کی۔ علمائے کرام،طلبہ، اساتذہ کرام اور ہر مکتبہ فکر کے افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ آج پوری قوم اللہ پاک کی شکر گزار ہے جس نے ہمیں دشمن پر فتح دی۔

(جاری ہے)

پاک فوج نے نہ صرف کامیابی سے ملک کا دفاع کیا بلکہ دشمن کو اس کے گھر میں شکست دی۔ پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں پرفخر ہے، سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے وہ کر دکھایا جس کی مثال تاریخ میں بھی نہیں ملتی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ناصر بٹ نے کہا کہ آج مجھے آپ بچوں کا حوصلہ دیکھ کر رشک آتا ہے کہ دشمن ان بچوں کو ڈرانا چاہتا ہے، جب 1965، 1971 کی تاریخ لکھی جائے گی تب 10 مئی کی تاریخ بھی لکھی جائے گی،صرف 6 گھنٹوں میں بھارت کا ایسا حال کر دیا کہ وہ سیز فائر کرانے امریکہ کے پاس بھاگا۔

رکن قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج کلمے کے نام پر کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں گی، پاک فوج نے وہ کر دکھایا جس کا بھارت نے اپنے خوابوں میں بھی نہیں سوچا ہو گا۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دشمن کو ایسی دھول چٹائی جسے صدیوں یاد رکھا جائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات