Live Updates

ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی زیر نگرانی ’’یومِ تشکر‘‘ کے موقع پر تقریب کاانعقاد

جمعہ 16 مئی 2025 17:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی زیر نگرانی ’’یومِ تشکر‘‘ کے موقع پر ایک شاندار اور باوقار پرچم کشائی کی تقریب ڈی سی کمپلیکس گوادر میں منعقد ہوئی۔ اس پْرعزم تقریب کا مقصد آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی اور قابلِ فخر کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا،وہ عظیم کامیابی جو پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دشمن بھارت کے خلاف حاصل کی اور جس نے نہ صرف پوری قوم کے حوصلے بلند کیے بلکہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی کو بھی یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) بوہیر دشتی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور، ڈی ایس پی چاکر بلوچ، صحافی حضرات، ضلعی افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔پرچم کشائی کے موقع پر چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی جبکہ شرکاء نے حب الوطنی کے جذبات سے سرشار ہو کر افواجِ پاکستان سے اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور وطنِ عزیز سے وفاداری کے عہد کی تجدید کی۔تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا پر ہوا، جس میں شرکاء نے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے دعا کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات